سینٹرل جیل کی بی کلاس میں ایک اور قیدی کا اضافہ

راحیل سلمان  پير 1 جولائی 2019
سینئر سپرنٹنڈنٹ شاہ نواز ساند نے ڈگری دی ، سی ایس ایس کی تیاری بھی جاری ہے

سینئر سپرنٹنڈنٹ شاہ نواز ساند نے ڈگری دی ، سی ایس ایس کی تیاری بھی جاری ہے

کراچی:  سینٹرل جیل کراچی کی بی کلاس میں ایک اور قیدی کا اضافہ ہونے جا رہا ہے،قتل کے الزام میں قید سلمان ابڑو نے جیل میں تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا،گریجویشن کا امتحان دیا جوکہ اس نے فرسٹ ڈویژن سے پاس کرلیا،اس کے ساتھ ساتھ سینٹرل سپریئرسروس (سی ایس ایس) کی تیاری بھی جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق مئی 2014 میں کلفٹن میں بنگلے کے اندر دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں سلیمان لاشاری ہلاک جبکہ سلمان ابڑو زخمی اور سلمان ابڑو کا ساتھی پولیس اہلکار ظہیر جاں بحق اور دیگر زخمی ہوگئے تھے،واقعے کا مقدمہ درخشاں تھانے میں درج کیا گیا تھا،پولیس نے سلمان ابڑوکوگرفتارکرکے جیل منتقل کردیا، کیس عدالت میں زیر سماعت ہے،اس سلسلے میں سینئر سپرنٹنڈنٹ شاہ نواز ساند نے بتایا کہ سینٹرل جیل میں قید کے دوران بھی سلمان ابڑو نے اپنی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا،گریجویشن کا امتحان دیا،سلمان نے امتحان 1000 نمبروں میں سے634 نمبر لے کر فرسٹ ڈویژن حاصل کی۔

کراچی یونیورسٹی کی جانب سے ڈگری بھی جاری کردی جوکہ انھوں نے خود سلمان ابڑو کو ڈگری دی ، سپرنٹنڈنٹ کا کہنا تھا کہ اس کے ساتھ ساتھ سلمان ابڑو جیل میں ہی قید کے دوران سینٹرل سپریئر سروس(سی ایس ایس) کی تیاری بھی کررہا ہے اور آئندہ برس سی ایس ایس کے امتحان دینے کا ارادہ بھی ظاہر کیا ہے ،سلمان سی ایس ایس کی تیاری چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ایس پی فدا حسین شاہ کی زیر نگرانی کررہا ہے جوکہ حال ہی میں ضمانت پر رہا ہوئے ہیں۔

گرفتاری سے قبل سلمان ابڑو کیڈٹ کالج میں زیر تعلیم تھا،ایک سوال کے جواب میں سینئر سپرنٹنڈنٹ شاہ نواز ساند نے بتایا کہ گریجویشن کی تکمیل کے بعد اب سلمان ابڑو قانونی طور پر بی کلاس کا حق دار ہے،سلمان ابڑوکی اس حوالے سے درخواست موصول ہونے کے بعد مروجہ قانونی ضابطے مکمل کرکے اسے بی کلاس کی سہولت دے دی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔