سکھر ملتان موٹروے کی تکمیل؛ 6 گھنٹوں کا سفر 3 گھنٹوں میں سمٹ آیا

آصف محمود  جمعرات 5 ستمبر 2019
موٹر وے پر حدِ رفتار 120 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی جس سے 392 کلو میٹر کا سفر 3 سے ساڑھے 3 گھنٹے میں مکمل ہو سکے گا فوٹوایکسپریس

موٹر وے پر حدِ رفتار 120 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی جس سے 392 کلو میٹر کا سفر 3 سے ساڑھے 3 گھنٹے میں مکمل ہو سکے گا فوٹوایکسپریس

لاہور: پاک چائنا اقتصادی  راہداری کے تحت  کراچی لاہور موٹروے کا ایک بڑا اور اہم حصہ سکھر، ملتان موٹر وے  جسے ایم فائیوکانام دیا گیا ہے مکمل ہوگیا ہے، جس کے بعد 6 گھنٹے کا سفر ساڑھے 3 گھنٹوں میں طے ہوا کرے گا۔

ایم فائیوکے دونوں جانب حدنگاہ تک پھیلے سرسبزباغات کے مناظرسفرکوخوبصورت بنادیتے ہیں۔ چین کے تعاون سے 392 کلو میٹر کا ٹریک تعمیر کر لیا گیا ہے، 2 ارب 89 کروڑ ڈالر کا منصوبہ مقررہ مدت سے  دوماہ قبل مکمل کیا گیا ہے۔ چائنا اسٹیٹ کنسٹرکشن انجینئرنگ کارپوریشن کا تعمیر کردہ جنوبی پنجاب اور اندرونِ سندھ کو ملانے والا یہ سب سے بڑا منصوبہ ہے۔

موٹر وے ایم 5 پر بہاولپور کے قریب دریائے ستلج کے ایک بڑے برج سمیت مجموعی طور پر 54 پل، 12سروس ایریاز، 10ریسٹ ایریا، 11 انٹرچینجز، 10 فلائی اوورز اور 426 انڈرپاسز تعمیر کیے گئے ہیں۔ ہر 65 کلو میٹر کے فاصلے پر سروس ایریاز بنائے گئے ہیں، تاہم این ایچ اے کی جانب سے یہ ابھی فعال نہیں ہوئے اور نہ ہی فیول اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں،ایم فائیوپہلی موٹروے ہے جس کے دونوں اطراف میں سروس لائن بنائی گئی ہے تاکہ کاشتکارجلداپنی فصلوں کو منڈی تک پہنچاسکیں، جنوبی پنجاب کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والے اس منصوبے کا افتتاح سابق وزیراعظم نواز شریف نے کیا تھا۔

سکھر، ملتان موٹر وے پر حدِ رفتار 120 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی، جس سے 392 کلو میٹر کا سفر 3 سے ساڑھے 3 گھنٹے میں مکمل ہو سکے گا جبکہ نیشنل ہائی وے پر یہ سفر 6 گھنٹوں میں طے ہوتا ہے۔اس منصوبے کی تعمیر میں 97 فیصد پاکستانی اور 3 فیصد چینی افرادی قوت نے حصہ لیا، چینی کمپنی کے ڈپٹی جنرل مینجرمسٹرڈنگ ژاؤجی  نے ایکسپریس نیوزاورچینی وفدکے ہمراہ ملتان سے سکھرتک موٹروے کا مکمل دورہ کیا، انہوں نے مختلف سیکشنز اورکنٹرول رومزکا معائنہ بھی کیا۔ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے مسٹرڈنگ ژاؤجی نے کہا کہ یہ پہلامنصوبہ ہے جو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرلیاگیا ہے، ہماری طرف سے تیاری مکمل ہے اورہم اسے حکومت کے سپردکرنے کوتیارہیں۔

انہو ں نے بتایا کہ ان کی کمپنی نے دن رات محنت کرکے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے،ایک سوال کے جواب میں مسٹرڈنگ ژاؤ جی نے کہا منصوبے کی تکمیل کے دوران انہیں سیکیورٹی کے مسائل کا سامنا رہا تاہم وہ حکومت پاکستان کے شکرگزارہیں کہ انہوں نے پاکستان آرمی ، رینجرز اورپولیس کی اسپیشل سیکیورٹی مہیاکی ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھاپہلی بارموٹروے ایم فائیوکے دونوں جانب سروس لائن بنائی گئی ہے تاکہ کاشتکاراپنے کھیتوں سے اجناس کم سے کم وقت میں منڈیوں تک پہنچاسکیں۔

سکھرکے قریب روہڑی کینال کے قریب ایم فائیوکا زیروپوائنٹ ہے ،یہاں ایک انٹرچینج بنایاجارہا ہے ، سکھرسے اس انٹرچینج کے ذریعے ایم فائیوپرداخل ہواجاسکے۔ مستقبل میں روہڑی کینال سے حیدرآبادتک ایم 6 موٹروے کومکمل کیاجائیگا۔سکھرسے واپسی پرپنوں عاقل انٹرچینج کے قریب کھجوراورکیلے کے باغات ہیں، یہاں کے مقامی کاشتکاروں نے بتایا کہ موٹروے کے تعمیرکے لئے انہیں زمینوں کااچھامعاوضہ دیاگیاہے جبکہ کنسٹرکشن کمپنی نے یہاں ڈسپنسریاں اوراسکول بھی بنائے ہیں۔انہوں نےکہا کہ پہلے انہیں اپنی اجناس جن میں کھجور،کیلااوردیگرفصلیں شامل ہیں بڑے شہروں کی منڈیوں تک پہنچانے میں کئی دن لگ جاتے تھے تاہم اب ان کا یہ سفرچندگھنٹوں کا رہ جائیگا،جس سے تازہ پھل اورسبزیاں منڈیوں تک پہنچ سکیں گی ۔

ایم فائیوکے ہرسیکشن پرایک کنٹرول روم جبکہ سیکشن فائیوکے قریب  مرکزی کنٹرول روم ہے جہاں ایم فائیوکے تمام سیکشنزکوجدیدترین کیمروں کی مدد سے مانیٹرکیاجائیگا۔ترنڈہ محمدپناہ سیکشن میں بنائے گئے مرکزی کنٹرول روم میں تعینات آئی ٹی کنسلٹنٹ محمدحماد نے بتایا کہ ایم فائیوپر400 سے زائدجدیدترین کیمرے نصب ہیں ۔کوئی بھی گاڑی کسی بھی انٹرچینج سے جب ایم فائیوپرداخل ہوگی تواس کے آؤٹ ہونے تک اس پرنظررکھی جاسکے گی۔  یہاں پہلی بارایسے اسکینرزاستعمال کیے جارہے ہیں جن کی باعث اوورلوڈگاڑی ایم فائیوپرداخل نہیں ہوسکے گی، خودکارطریقے سے یہ معلوم ہوسکے گا کہ کون سی قسم کی گاڑی کس پوائنٹ سے انٹرہوئی ہے۔

محمدحمادنے بتایا یہ ایم فائیوپرسفرسب سے مہنگا ہوگا، موٹروے پرسفرکے دوران مختلف قوانین کی خلاف ورزیوں پر11 اقسام کے جرمانے ہوسکیں گے تاہم ان کو نیشنل ہائی ویزاتھارٹی کی مشاورت سے فائنل کیاجائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی بارایسا ہوگا کہ ایم فائیوپرسفرکرتے ہوئے بلاوجہ گاڑی روکنے، موٹروے پرکچراپھینکنے ،ہوائی فائرنگ کرنے اورریسٹ ایریازکے علاوہ کسی مقام پرگاڑی پارک کرنیوالوں کو ایم فائیوسے باہرنکلتے ہوئے جرمانہ اداکرنے پڑے گا جوٹال ٹیکس میں شامل ہوگا۔

ایم فائیوکے سیکشن ٹوکے سیکیورٹی انچارج کرنل (ر) ممتازنے بتایا کہ خدانخواستہ ایم فائیوپرکوئی حادثہ ہوتا ہے توہماراخودکارسسٹم الرٹ جاری کریگا اورمتعلقہ محکمہ جس میں ریسکیو،موٹروے پولیس شامل ہیں ان کی امدادی ٹیمیں چندمنٹوں میں پہنچ جائیں گی۔ اس تمام کارروائی کا خودکارطریقے سے ڈیٹابھی مرتب ہوتارہیگا۔

ایم فائیو موٹروے منصوبہ ملتان سے شروع ہو کر شجاع آباد، جلال پور پیروالہ، اُوچ شریف، احمد پور شرقیہ اور لیاقت پور کے قریب سے ہوتا ہوا سندھ میں اوباڑو ، گھوٹکی، پنو عاقل اور سکھر میں روہڑی کے قریب اختتام پذیر ہو رہا ہے۔ ملتان سکھر موٹروے جنوبی پنجاب اور اندرونِ سندھ کے پسماندہ علاقوں کو بہتر سفری سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ان علاقوں کے کسانوں کی زرعی منڈیوں تک رسائی میں بھی آسانی پیدا کرے گا۔ ملتان سے سکھرکی طرف سفرشروع کریں توآپ کو حدنگاہ تک پھیلے آم کے باغات  نظرآتے ہیں ، جیسے جیسے سکھرکی طرف بڑھتے جائیں آم کے ساتھ ساتھ کھجور اورکیلے کے باغات دکھائی دیتے ہیں جبکہ کپاس اورگنے کے کھیت بھی ہریالی بکھیرتے نظرآتے ہیں، موٹروے ایم فائیوکواگست میں ٹریفک کے لئے کھولاجانا تھا تاہم اب رواں ماہ کے دوران اسے عام ٹریفک کے لئے کھولے جانے کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔