رنز سے بھرے کنویں میں بھی ناردرن کی ٹیم پیاسی رہ گئی

قائد اعظم ٹرافی میں خیبرپختونخوا کیخلاف فالوآن کی رسوائی کا شکار،262تک محدود، ڈیبیوٹنٹ حیدر علی99پر وکٹ گنوا بیٹھے


Sports Reporter September 17, 2019
سینٹرل پنجاب کے عمراکمل،اظہر علی اور احمد شہزادکی نصف سنچریاں،بلوچستان کے امام الحق111رنز بنانے میں کامیاب فوٹو: فائل

رنز سے بھرے کنویں میں بھی ناردرن کی ٹیم پیاسی رہ گئی،قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں خیبرپختونخوا کیخلاف فالوآن کی رسوائی کا شکار ہونا پڑا۔

ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں میچ کے دوسرے روز خیبر پختونخوا نے 9وکٹ پر 526رنز بنائے اورناردرن ٹیم نے دن کا اختتام ایک وکٹ پر 109رنز پر کیا تھا،گذشتہ روز حیدر علی(56) اور عمر امین (20) رنز کے انفرادی اسکور کے ساتھ دوبارہ بیٹنگ کیلیے آئے،وکٹیں تسلسل کے ساتھ گرتی رہیں،فرسٹ کلاس ڈیبیو پر حیدر علی 99کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے،اوپنر کے ساتھ کپتان عماد وسیم33، آفاق رحیم25اور عمرامین20ہی قابل ذکر اسکورر تھے،محمد نواز 16، آصف علی14اور شاداب خان6رنز بنا سکے،پوری ٹیم 262تک محدود رہتے ہوئے فالوآن کا شکار ہوگئی۔

جنید خان3اور محمد عرفان خان2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ دوسری باری میں ناردرن ٹیم نے 2 وکٹ پر 105رنز بنائے اور 159کا خسارہ باقی ہے، آفاق رحیم21اور حیدر علی27رنز بناکر آؤٹ ہوئے، عمر امین 32اور روحیل نذیر21رنز کے ساتھ منگل کودوبارہ اننگز کا آغاز کرینگے۔

قذافی اسٹیڈیم میں دوسرے روز سدرن پنجاب کے467رنز کے جواب میں سینٹرل پنجاب نے بغیرکوئی وکٹ گنوائے47رنز بنائے تھے، گذشتہ روز احمد شہزاد 22اور اظہر علی 20رنز کے ساتھ کریز پر آئے، دونوں کی درمیان 130رنز کی شراکت 130پر ختم ہوئی، اظہر علی 73رنز بناکر آؤٹ ہوئے،احمد شہزاد نے 63رنز بنائے،بابر اعظم صرف 4تک محدود رہے۔

عمراکمل نے 89کی عمدہ اننگز کھیلی،کامران اکمل 33 رنز بنا سکے،سینٹرل پنجاب نے 5وکٹ پر 348رنز بنالیے ہیں،محمد سعد41اور فہیم اشرف 30 پر ناٹ آؤٹ ہیں، راحت علی3اور عامر یامین 2شکار کرنے میں کامیاب ہوئے،محمد عرفان وکٹ سے محروم رہے۔ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں دوسرے روز سندھ نے اپنی اننگز 5وکٹ پر 473رنز بناکر ڈیکلیئرڈ کردی تھی۔

جواب میں بلوچستان نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 16رنز بنائے، گذشتہ روز امام الحق(9) اور عظیم گھمن(8) نے اننگز کا دوبارہ آغاز کیا،امام الحق نے کریز سنبھالے رکھی لیکن عظیم گھمن21، حسین طلعت13اور حارث سہیل 24 رنز بناکر ساتھ چھوڑ گئے،امام الحق سست روی سے بیٹنگ کرتے ہوئے 269 گیندوں پر 111رنز بناکر ناقابل شکست ہیں،عمران فرحت نے16رنز اسکور کیے، بلوچستان نے 98اوورز میں 191رنز بنائے ہیں۔

مقبول خبریں