زخمی ہرن نے غضب ناک ہو کر اپنے شکاری کو مارڈالا

ویب ڈیسک  ہفتہ 2 نومبر 2019
آرکینساس پارک میں ایک زخمی ہرن نے اپنے ہی شکاری کو سینگوں سے مارڈالا۔ فوٹو: فائل

آرکینساس پارک میں ایک زخمی ہرن نے اپنے ہی شکاری کو سینگوں سے مارڈالا۔ فوٹو: فائل

آرکنساس: کبھی ’شکاری خود شکار ہوجائے،‘ یہ ہم نے صرف محاوروں میں سنا ہے لیکن آرکنساس میں یہ انوکھا واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک شکاری کی گولی سے مجروح ہوکر ہرن نے دوبارہ اپنے شکاری پر حملہ کرکے اسے مارڈالا۔

یہ واقعہ آرکنساس کے علاقے ییل ویلی میں رونما ہوا جب 66 سالہ تھامس الیگزینڈر نے ایک ہرن کو اپنی گولی سے نشانہ بنایا۔ جس کے بعد وہ گرگیا اور جیسے ہی تھامس اسے دیکھنے کے لیے ہرن کے قریب گیا تو ہرن نے اچانک اٹھ کر اس پر حملہ کردیا اور اپنے سینگوں سے اسے کئی زخم لگائے جو جان لیوا ثابت ہوئے۔

آرکنساس میں گیم اینڈ فش کمیشن شکاریوں کو ہرن مارنے کے لائسنس دیتی ہے اور اس کے ترجمان کائتھ اسٹیفنس نے کہا کہ نہیں معلوم کہ تھامس کتنی دیر وہاں پڑا رہا لیکن وہ ہرن کی موت کی تصدیق کے لیے اس کے پاس گیا لیکن جانور اس وقت تک زندہ تھا۔

زخمی ہونے کے بعد تھامس نے فوری طور پر اپنے اہلِ خانہ کو فون کیا اور اس کے بعد اس کی فیملی نے پارک کے اہلکار سے رابطہ کیا لیکن ہسپتال میں تھامس کی موت واقع ہوگئی تھی۔ یہ معلوم نہ ہوسکا کہ اس کی موت کیسے واقع ہوئی۔ کیا زائد خون بہنا موت کی وجہ بنا یا سینگوں کے مسلسل زخموں سے اس نے دم توڑ دیا؟

ماہرین کے مطابق ہرن کے انسانوں پر حملے اور مارڈالنے کے واقعات بہت کم پیش آتے ہیں۔ پارک میں ایک مرتبہ 2016ء میں ہرن نے انسان کو سینگوں سے زخمی کردیا تھا لیکن اسے بچالیا گیا تھا۔

دوسری جانب زخمی ہرن کی تلاش کی گئی لیکن اب تک اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔