آٹے کی قیمت 64 سے بڑھ کر70 روپے فی کلوہوگئی

عامر نوید چوہدری  جمعـء 17 جنوری 2020

 لاہور /  کراچی: آٹے کی قیمت 64 روپے سے بڑھ کر70 روپے فی کلوہوگئی ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق پنجاب میں چکی مالکان نے آٹے کی قیمت میں چھ روپے فی کلواضافہ کردیا جس کے بعد قیمت 64 روپے سے بڑھ کر70 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔ چکی مالکان نے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کا اطلاق آج سے کیا جارہا ہے۔

اس حوالے سے چکی اونرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت نے چکی مالکان کو کوئی ریلیف نہیں دیا۔ حکومت اگر فلور ملز کی طرح سبسڈی دے گی تو قیمت کم کردیں گے۔

پنجاب کے علاوہ کراچی میں بھی چکی کا آٹا 2 روپے کلو مزید مہنگا کردیا گیا اور 66روپے میں فروخت ہونے لگا۔ رواں ہفتے کے شروع میں چکی کا آٹا 60 سے بڑھ کر 64 روپے ہوا تھا۔ چکی مالکان کا کہنا ہے کہ چند دنوں میں آٹا 68 سے 70 روپے فی کلو تک بھی جا سکتا ہے۔

اوپن مارکیٹ میں بھی 100 کلو گندم کی بوری 700 روپے تک مہنگی کردی گئی۔ ڈیلرز کے مطابق آٹے کی قیمت میں اضافے کے بعد اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 4800 سے بڑھ کر5500روپے تک جاپہنچی جب کہ چکی مالکان کو گندم کی 100کلو بوری5600 روپے تک فروخت ہونے لگی۔

واضح رہے کہ ایک سال میں آٹے کی قیمت میں چوتھی مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔