کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ پر جدید تھرمل اسکینر نصب

ویب ڈیسک  ہفتہ 29 فروری 2020
حکومت نے 5 جدید تھرمل اسکینرز منگوائے تھے فوٹو: ایکسپریس

حکومت نے 5 جدید تھرمل اسکینرز منگوائے تھے فوٹو: ایکسپریس

 اسلام آباد: کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر جدید تھرمل اسکینر نصب کردیا ہے جو خود کار طریقے سے بخار اور فلو کو چیک کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

کورونا وائرس کی تشخیص اور روک تھام کے لیے ایئرپورٹس پر انتطامات کو بڑھا دیا گیا ہے۔ ایوی ایشن ڈویژن و محکمہ ہیلتھ کی جانب سے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل ایرائیول پر جدید تھرمل اسکینر نصب کردیا گیا ہے، جو خود کار طریقے سے بخار اور فلو کو چیک کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ حکومت نے چین سمیت دیگر ممالک میں کورونا کے کیسز سامنے آنے کے بعد پیشگی اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ 5 جدید تھرمل اسکینرز بھی منگوائے تھے جو پاکستان پہنچ گئے ہیں جن میں ایک اسکینر نیواسلام آباد ائیرپورٹ کے انٹرنیشنل آرائیول لاؤنج میں نصب کردیا گیا ہے جب کہ دیگر اسکینرز کراچی، لاہور اور پشاور جیسے بڑے ایئرپورٹس پر نصب کیے جائیں گے۔

حکام کا کہنا تھا کہ جدید تھرمل اسکینر سے کم وقت میں زیادہ مسافروں کی اسکینگ کی جاسکے گی۔ یہ اسکینر 100فیصد درستگی کے ساتھ  کورونا کے مشتبہ مریضوں کو ڈیٹیکٹ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔