بھارت میں ہولی تقریبات کے دوران 20 سے زائد افراد ہلاک

زیادہ تر ہلاکتیں ہنگامہ آرائی اور دریا میں ڈوبنے سے جب کہ 4 ٹریفک حادثات میں ہوئیں


ویب ڈیسک March 10, 2020
ہنگامہ آرائی، دریا میں ڈوبنے اور ٹریفک حادثات میں ہوئیں، فوٹو : فائل

بھارت میں ہولی کی تقریبات کے دوران مختلف واقعات میں 20 سے زائد افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اوڈیشا میں ٹریفک حادثات اور مختلف واقعات میں 14 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 2 لاپتہ ہیں۔ 10 افراد ہولی کے رنگوں میں رنگنے کے بعد دریا میں نہانے کے دوران ڈوب کر ہلاک ہوئے جب کہ 4 افراد ٹریفک حادثے میں ہلاک ہوئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دریا میں ڈوب کر ہلاک ہونے والے زیادہ افراد شراب کے نشے میں دھت تھے جس کے باعث توازن برقرار نہ رکھ سکے اور دریا میں بہہ گئے۔ لاشوں کو نکالنے کا سلسلہ جاری ہے، ہلاک ہونے والوں میں 11 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔

دوسری جانب ہولی تقریبات کے دوران ہی دو گرپوں میں ہونے والے تصادم کے نتیجے میں 12 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ دونوں جانب سے لاٹھیوں اور راڈوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ پولیس نے 6 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

دوسری جانب دیگر ریاستوں میں بھی ہولی کی تقریبات کے دوران جھگڑوں اور ہلڑ بازی میں بھی 8 سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 20 سے تجاوز کر گئی ہیں۔

مقبول خبریں