بلاول نے سندھ میں مکمل لاک ڈاؤن کے لئے وفاق سے مدد مانگ لی

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 مارچ 2020
ہمیں مکمل لاک ڈاؤن کیلئے وفاقی حکومت کی مکمل طاقت کی ضرورت ہے، بلاول بھٹو زرداری فوٹو: فائل

ہمیں مکمل لاک ڈاؤن کیلئے وفاقی حکومت کی مکمل طاقت کی ضرورت ہے، بلاول بھٹو زرداری فوٹو: فائل

کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں مکمل لاک ڈائون کیلئے وفاقی حکومت کی مکمل طاقت کی ضرورت ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت سے ملک گیر لاک ڈاؤن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ہمیں لازمی طور پر ملک گیر لاک ڈاؤن کی طرف جانا ہوگا، ہر گھنٹہ اور ہر دن جو ہم لاک ڈاؤن میں تاخیر کر رہے ہیں ہمارے لئے مشکلات پیدا کرے گا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کوئی بھی صوبہ اس وبا کا تن تنہا مقابلہ نہیں کر سکتا، ہمیں مکمل لاک ڈاؤن کیلئے وفاقی حکومت کی مکمل طاقت کی ضرورت ہے، اگر وقت ضائع کیاگیا تو اس وبا سے نمٹنا مشکل ہو جائے گا، کورونا کیسز کی موجودہ شرح میں ہے ہمارا میڈیکل کا نظام کم پڑ گیا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمیں لوگوں کے زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کرنے اور ضرورت مندوں کی مدد کیلئے وفاقی حکومت کی پوری مدد چاہیئے، جہاں ہم اچھے کیلئے پُرامید ہیں وہیں بدتر حالات کی تیاری کرنی چاہئے، اگر بدترین صورت حال پیش آئی تو ہمارا صحت کا نظام اتنی استطاعت نہیں رکھتا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے عوام سے درخواست کی کہ میں دیگر ممالک کے تجربات سے سیکھنا ہوگا، جب تک حکومت کوئی فیصلہ نہ کرلے  لوگ گھروں تک محدود رہیں، گھروں میں رہ کر بھی خود کو اور دوسروں کو کورونا سے بچائیں, یہ مسئلہ یہ نہیں ہے کہ ہم کیا کریں گے، یہ مسئلہ یہ ہے کہ ہم کب کریں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔