ٹوکیو گیمز کا ممکنہ التوا آئی او سی نے ممبرممالک سے رجوع کرلیا
ہنگامی حالات سے متعلق قواعد کا جائزہ، منتظمین کا متبادل انتظامات پر غور
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے ممبر ممالک سے کورونا وائرس سے پڑنے والے اثرات پر رائے طلب کرلی، ورلڈ باڈی پر ٹوکیو اولمپکس گیمز کو ملتوی کرنے کیلیے دباؤ شدید تر ہوگیا ہے، آئی او سی نے اس بحرانی صورتحال پر اپنی ممبر نیشنل اولمپک کمیٹیز سے معلوم کیاکہ ایسے میں انھیں کیا اقدام کرنا چاہیے۔
ہنگامی حالات سے متعلق قواعد کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے، گذشتہ دنوں امریکی سوئمنگ باڈی نے رواں برس 24 جولائی سے 9 اگست تک شیڈول گیمز کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا تھا، آئی او سی نے اپنے ممبران سے متبادل اقدام اور گیمز کی تیاریوں سے متعلق بھی رائے طلب کی ہے، فرنچ سوئمنگ فیڈریشن، نارویجین اولمپک کمیٹی اور ایتھلیٹس نے اس تجویز کی تائید کردی ہے، اس سے قبل آئی او سی چیف تھامس باخ نے ٹوکیو گیمز کے التواکو قبل از وقت قرار دیا تھا۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق ٹوکیو اولمپکس گیمز منتظمین نے ممکنہ تاخیر پر سوچ بچار شروع کردی ہے، البتہ جاپانی حکومت گیمز کو وقت پر کرانے کے موقف پر بدستور قائم ہے، کورونا وائرس نے دنیا بھر میں اولمپکس کی تیاریوں کو بْری طرح متاثر کیا ہے، ذرائع نے بتایا کہ اسپورٹس حکام بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظرممکنہ التواکی صورت میں متبادل منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کر رہے ہیں، متبادل پلان 'بی' سی اور ڈی تیار کرنے پر سوچ بچار جاری ہے، دوسری جانب حکومتی ذرائع نے اس پر کوئی رائے نہیں دی۔