کراچی پولیس کا پیٹی بند بھائی کی تلاش میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ

پولیس ابھی تک محض تسلی دے رہی ہے، پولیس کو درخواست دی لیکن نہ تو مقدمہ درج کیا جارہا ہے


Staff Reporter April 20, 2020
کراچی پولیس کا پیٹی بند بھائی کی تلاش میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ ۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی پولیس نے اپنے ہی لاپتہ اہلکار کی تلاش میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کردیا ، حتیٰ کہ اہلیہ کی درخواست پر مقدمہ تک درج نہیں کیا جارہا ، لاپتہ اہلکار کی اہلیہ نے چیف جسٹس اور آئی جی سندھ مشتاق مہر سے نوٹس لینے کی اپیل کردی۔

تفصیلات کے مطابق شاہراہ فیصل تھانے کا اے ایس آئی شہزاد 16اپریل سے پراسرار طور لاپتہ ہے لیکن اس سلسلے میں اب تک کوئی قانونی کارروائی نہیں کی گئی جبکہ اس کے اہل خانہ کو بھی خود پولیس مطمئن نہیں کرسکی ، اے ایس آئی شہزاد کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ شہزاد کو جلد سے جلدبازیاب کروایا جائے ورنہ پھر اسے اور اس کے بچوں کو بھی مار دیا جائے ، اہلیہ کا کہنا ہے کہ شہزاد16اپریل سے لاپتہ ہے۔

پولیس ابھی تک محض تسلی دے رہی ہے، پولیس کو درخواست دی لیکن نہ تو مقدمہ درج کیا جارہا ہے نہ ہی شہزاد کے بارے میں بتایا جارہا ہے کیا ماجرہ ہے ، اہلیہ کا کہنا تھا کہ ماضی میں شہزادکوقتل کے بے بنیاد الزام میں رینجرز نے گرفتار کیا تھا، قتل کے بے بنیاد مقدمے سے میراشوہرشہزاد باعزت بری ہوا،بریت کے بعد نوکری بحالی کے لیے بھی در در کی ٹھوکریں کھائیں،آئی جی سندھ نے انکوائری کے بعد شہزاد کو ملازمت پربحال کردیا تھا ،بحالی کے بعد شہزاد3 ماہ سے اپنی ڈیوٹی ایمانداری سے انجام دے رہے تھے کہ اچانک غائب ہوگئے ،اہلیہ نے چیف جسٹس، وزیر اعلی سندھ ، گورنر اور سے اپیل کی ہے کہ میرے شوہر کو جلد سے جلد بازایاب کرایا جائے۔

مقبول خبریں