پنجاب بھر کی عدالتیں 68 روزہ لاک ڈاؤن کے بعد مکمل طور پر کھل گئیں

ویب ڈیسک / قیصر شیرازی  پير 1 جون 2020
وکلاء، ججز، عدالتی عملے اور سائلین کے لئے ماسک اور دستانے لازمی قرار فوٹو: فائل

وکلاء، ججز، عدالتی عملے اور سائلین کے لئے ماسک اور دستانے لازمی قرار فوٹو: فائل

 راولپنڈی: پنجاب بھر کی تمام سیشن، سول، فیملی اور مجسٹریٹ عدالتیں 68 روزہ لاک ڈاؤن کے بعد آج سے مکمل طور پر کھل گئیں۔

عدالتی لاک ڈاؤن ختم ہونے سے پنجاب بھر کی خصوصی احتساب،انسداددہشت گردی،کسٹم،ایف آئی اے، لیبر ،اینٹی کرپشن کی عدالتیں بھی کھل گئی ہیں اور تمام عدالتوں میں اہم نوعیت کے ساتھ ریگولر کیسوں کی سماعت بھی شروع ہوگئی ہے، خواتین ججز بھی چھٹیاں ختم ہونے پر عدالتوں میں پہنچ گئی ہیں۔

کورونا سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز کے تحت عدالتوں میں سماجی فاصلوں پر پابندی لازمی ہے۔ وکلا اور سائلین کے داخلے کے لئے سینی ٹائزر واک تھرو گیٹ لگائے گئے ہیں، وکلاء، ججز، عدالتی عملے اور سائلین کے لئے ماسک اور دستانے لازمی قرار دئیے گئے ہیں، بغیر کال کے تمام افراد، وکلاء اور پولیس کا عدالت داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔