اداکارہ روبینہ اشرف کے آئی سی یو منتقل ہونے کی افواہیں مسترد

ویب ڈیسک  پير 8 جون 2020
روبینہ اشرف نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا تھا۔ فوٹو: فائل

روبینہ اشرف نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا تھا۔ فوٹو: فائل

کراچی: رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کورونا وائرس کا شکار پاکستان کی معروف اداکارہ روبینہ اشرف کے آئی سی یو میں منتقل ہونے کی خبروں کی تردید کردی۔

سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کے مطابق کورونا وائرس کا شکار پاکستان کی معروف اداکارہ روبینہ اشرف کو طبیعت بگڑنے پر انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کردیا گیا تھا تاہم ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے ان خبروں کی تردید کردی ہے۔

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے ٹوئٹر پر لکھا روبینہ اشرف صاحبہ گھر پر رو بصحت ہیں ان کی آئی سی یو میں شفٹ کیے جانے کے حوالے سے پھیلائی جانے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں، روبینہ اشرف صاحبہ کے شوہر طارق بھائی نے دعائے صحت کی اپیل کی ہے جبکہ رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی بھی اہل خانہ سے رابطے میں ہیں۔

60 سالہ اداکارہ روبینہ اشرف میں گزشتہ ہفتے کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا تھا۔ اداکارہ کو کورونا وائرس کے باعث سانس لینے میں تکلیف کا سامنا تھا۔

روبینہ اشرف کی طبیعت خرابی کی خبر سن کر شوبز انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں نے ان کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کی ہے۔ ندا یاسر اور یاسر نواز جو خود بھی کورونا وائرس کا شکار ہیں نے روبینہ اشرف کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی صحت کے لیے دعا کی۔

ہمایوں سعید، ماہرہ خان، منشا پاشا، انجلین ملک اور علی رحمان خان سمیت متعدد شوبز اسٹارز روبینہ اشرف کے لیے دعا گو ہیں اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کررہے ہیں۔

https://twitter.com/manshapasha/status/1269692178613317632

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔