ڈیفنس میں موٹر سائیکل سوار کو کچلنے والاا میر زادہ گرفتار نہ ہو سکا

کورٹ رپورٹر  بدھ 24 جون 2020
والد کو کچلنے والا سعد بڑے عہدیدار کا بیٹا ہے، واقعے کی وڈیو موجود ہے،ملائیکہ۔ فوٹو: فائل

والد کو کچلنے والا سعد بڑے عہدیدار کا بیٹا ہے، واقعے کی وڈیو موجود ہے،ملائیکہ۔ فوٹو: فائل

کراچی: گذری پولیس طاقتور کاروباری شخصیت کی طرف دار بن گئی، ڈیفنس میں لینڈ کروزر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار کی ہلاکت کا ملزم گرفتار نہ کرسکی جب کہ مقتول کی بیٹی نے مقامی عدالت میں درخواست دائر کر دی۔

درخواست گزار ملائیکہ نے گذری پولیس کے خلاف ہراسگی اور دھوکا دہی کے مقدمے کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ابتدا سے گذری پولیس انھیں دھمکیاں دے کر ہراساں کررہی ہے، والد کو لینڈ کروزر سے ٹکر مار کر قتل کرنے والا سعد حفیظ کراچی چیمبر کے عہدیدار کا بیٹا ہے۔

ملائیکہ نے بتایا کہ واقعے کے بعد سعد حفیظ کے موقع پر موجود ہونے کی وڈیو موجود ہے موقع پر موجودگی کے باوجود سعد کو گذری پولیس نے گرفتار نہیں کیا، جناح اسپتال میں گذری تھانے کے پولیس افسر نے کہا کہ یہ طاقتور لوگ ہیں ان کے خلاف مقدمہ درج نہیں ہوسکتا، گذری پولیس نے ہماری مدعیت میں مقدمہ درج کرنے کے بجائے سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔

درخواست گزار نے کہا کہ مقدمے کے اندراج کے بعد صلح کے نام پر گذری تھانے کے پولیس افسران نے ملزم کے گھر والوں سے ملاقات کرائی ملاقات کے دوران ایس ایچ او گذری نے خود صلح نامہ تحریر کیا اور زبردستی کاغذات پر دستخط کرائے، پولیس افسران کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔