پنجاب میں آٹا بحران ٹل گیا، فلورملز اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب

ویب ڈیسک  پير 6 جولائی 2020
پنجاب میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی ریٹیل قیمت 860 روپے، ایکس مل قیمت 837 روپے مقرر

پنجاب میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی ریٹیل قیمت 860 روپے، ایکس مل قیمت 837 روپے مقرر

 لاہور: پنجاب میں آٹا بحران ٹل گیا رات گئے فلورملز اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے نتیجے میں حکومت نے گندم اجرا پالیسی میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا۔

چیئرمین فلورملز عاصم رضا نے کہا ہے کہ پنجاب میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی ریٹیل قیمت 860 روپے ہوگی، جبکہ ایکس مل قیمت 837 روپے ہوگی۔

فلورملز کو آبادی کی بنیاد پر کوٹہ ملے گا اور کم ازکم کوٹہ 13 بوری ہوگا۔ محکمہ خوراک کے مطابق سرکاری گندم سے 65 فیصد آٹا، 13 فیصد چوکر اور 22 فیصد میدہ تیار ہوگا۔

سینئر وزیر علیم خان کا کہنا ہے کہ فلورملز ایسوسی ایشن کے چند تحفظات جائز ہیں جنہیں تسلیم کیا گیا، عوام کیلئے ارزاں نرخوں پر آٹے کی وافر دستیابی یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوا تھا جس میں آٹے اور گندم کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 850 روپے مقرر کی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔