پوجا چوپڑا فلم ’’روپ نگر کے چیتے‘‘ میں مرکزی کردار کریں گی

فلم میں ماڈرن لڑکی کے روپ میں نظر آؤں گی، ویپل شاہ کی دوسری فلم میں کام کرنے پر دباؤ کا شکار ہوں، پوجا


Showbiz Desk December 11, 2013
ہدایات ویہان سوریاونشی دیں گے، شوٹنگز 4 جنوری سے شروع ہوں گی جس کے لیے پونے اور اسپین میں لوکیشنز کا انتخاب کرلیا گیا ہے، ویپل شاہ فوٹو: فائل

KARACHI: بالی وڈ فلمساز ویپل شاہ نے سابق مس انڈیا و اداکارہ پوجا چوپڑا کو فلم ''روپ نگر کے چیتے'' میں مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کرلیا۔

اطلاعات کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ پوجا چوپڑا جواسی برس 12 اپریل کو فلمساز ویپل شاہ کی ریلیز ہونے والی فلم ''کمانڈو میں مرکزی کردار ادا کرچکی ہیں کو فلمساز نے ایک بار پھر اپنی نئی فلم ''روپ نگر'' کے چیتے میں مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کرلیا ہے۔ فلم کی ہدایات ویہان سوریاونشی دے رہے ہیں فلم بھارتی شہر پونے اور اسپین میں عکس بند کی جائے گی جس کے لیے لوکیشنز کا انتخاب کرلیا گیا ہے ویپل شاہ کے مطابق شوٹنگز کا آغاز 4 جنوری سے ہوگا اور فلم کو آئندہ برس سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔ اپنی نئی فلم کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے پوجا چوپڑا کا کہنا تھا کہ ''روپ نگر کے چیتے'' کی کہانی کمانڈو سے مختلف ہے جو دوستی کے گرد گھومتی ہے فل کی شوٹنگز پونے اور اسپین میں کی جائے گی۔ میں میرا کردار کمانڈو سے مختلف ہے کیونکہ میں فلم میں دہلی کی ایک ماڈرن لڑکی کے روپ میں نظر آؤں گی۔

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں دوبارہ ویپل شاہ کے ساتھ ان کی فلم کام کرنے پر بہت خوش ہیں مگر اس کے ساتھ ساتھ اپنا آپ ثابت کرنے کے لیے بہت زیادہ دباؤ کا شکار ہوں جب کہ ویپل شاہ بھی نئی فلم کے سلسلہ میں بہت پرجوش ہیں اور ان کی طرف سے مجھے دوبارہ کاسٹ کرنا میری بہت بڑی حوصلہ افزائی ہے۔ انھوں نے مجھے دوسری مرتبہ موقع دیاہے اور میں انھیں ناامید نہیں کروں گی۔کمانڈو کی طرح اس فلم میں بھی شاندار پرفارمنس ہوگی اور فلم شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے گی۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں اتنی خوش اور پرجوش ہوں کہ میرے لیے فلم کے شوٹنگز شروع ہونے کا انتظار کرنا مشکل ہورہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں 28 سالہ اداکارہ نے بتایا کہ فلم میں میرٹ پر مجھے منتخب کیا گیا اور میں خود بھی یہ سمجھتی ہوں کہ اس کردار کے لیے مجھے منتخب کرنے کا فیصلہ بہت اچھا ہے ،اس کردار کو خوبی سے نبھاکر اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کی کوشش کی ہے۔ اداکاری کے شعبے میں ہر فنکار کو یہ خواہش ہوتی ہے کہ منفرد اور روٹین سے ہٹ کر کردار ملیں اور انھیں پذیرآئی بھی حاصل رہے۔ یہی خواہش فنکار کو جستجو جاری رکھنے پر مجبور کرتی رہتی ہے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ بالی وڈ میں نئے چہروں کو آگے لانے کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ نئی فلموں میں اچھے کردار ملنے پر ہی کام کرسکوں گی ،اپنی الگ شناخت بنانا چاہتی ہوں۔ میگا اسٹار کے ساتھ کام کرکے زیادہ خوشی محسوس کرتی ہوں۔ اپنی خوبیوں اور خامیوں پر نظر رکھتی ہوں، خامیوں کو دور کرنے کے لیے خود ہی اپنی نگرانی کرتی رہتی ہوں۔

واضح رہے کہ 1985 کو مہاراشٹر کے علاقے پونے میں پیدا ہونے والی اداکارہ پوجا چوپڑا نے فلمی سفر کا آغاز 2008 میں ہندی فلم ''فیشن'' میںمختصر آمد سے ہوا ۔اس کے بعد پوجا چوپڑا نے 2011 میں تامل فلم ''پونار شنکر'' میں کام کیا اس فلم میں ان کی بھرپور پرفارمنس رہی۔

ساؤتھ کے سینما گھروں میں اداکارہ کی پہلی فلم کی ریلیز کے بعد وہاں پر ان کی پرفارمنس کے بہت چرچے ہوئے اور انھیں مستقبل کی بڑی اداکارہ قرار دیا جانے لگا اسی اثنا ہدایت کار مدھر بھنڈاریکر نے اپنی فلم ''ہیرئن ''میں مختصر کردار دیا، 2012 کو جب فلم ''ہیروئن'' سینما گھروں کی زینت بنائی گئی تو اداکارہ کی مختصر آمد کا بھی نوٹس لیا گیا۔ بالی وڈ کے ہدایتکاروں اور پروڈیوسرز کی جانب سے پوجا چوپڑا کو نئے پراجیکٹس کے لیے کاسٹ کرنے کی آفرز ہونے لگیں اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔ بالی ووڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ پوجا چوپڑا نے کم عرصہ کے دوران خود کو منوانے کے لیے عمدہ کام کرکے دکھایا ہے آنیوالی فلم گزشتہ فلم کی طرز پر ہوگی تاہم اس کے ساتھ ہی جب انھیں مختلف کرداروں میں کاسٹ کیا جائے گا تو ان کی پرفارمنس میں بھی نکھار آجائیگا۔

مقبول خبریں