لرزتے کیریبیئنز ہاتھوں سے ٹرافی چھوٹ گئی ، انگلینڈ سرخرو

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 29 جولائی 2020
تیسرے ٹیسٹ میں 269 رنز کی فتح، براڈ نے میچ میں 10 وکٹیں لیں ۔  فوٹو : انٹرنیٹ

تیسرے ٹیسٹ میں 269 رنز کی فتح، براڈ نے میچ میں 10 وکٹیں لیں ۔ فوٹو : انٹرنیٹ

مانچسٹر: لرزتے کیریبیئن ہاتھوں سے وزڈن ٹرافی چھوٹ گئی، انگلینڈ نے تیسرے ٹیسٹ میں 269 رنز کی شاندار فتح سے سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی، 399 رنزکے تعاقب میں مہمان ٹیم 129پر ڈھیر ہوگئی، شائی ہوپ نے سب سے زیادہ 31 رنز بنائے، کرس ووئکس نے 5 جبکہ اسٹورٹ براڈ نے اننگز میں 4  اور میچ میں 10 وکٹیں لیں۔

تفصیلات کے مطابق ساؤتھمپٹن میں انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں کامیابی سے وزڈن ٹرافی کی دفاعی مہم کا عمدگی سے آغاز کرنے والی ویسٹ انڈین ٹیم مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ میں ہمت ہار گئی، دوسرے ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد وہ تیسرے میچ میں بھی نہ سنبھل پائی اور 269 رنز سے ہارکر سیریز 2-1 سے گنوا دی۔ میچ کا چوتھا دن مکمل طور پر بارش کی نذر ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز نے آخری روز کے کھیل کا آغاز دوسری اننگز کے اسکور 10 رنز 2  وکٹ سے کیا، اوپنر کریگ بریتھ ویٹ نے شائی ہوپ کے ساتھ مل کر کچھ دیر تو مزاحمت کی مگر اسٹورٹ براڈ نے انھیں 19 کے انفرادی اسکور پر ایل بی ڈبلیو کرکے اپنا 500 واں شکار بنایا، اس طرح مہمان ٹیم کی 45 رنز پر 3 وکٹیں گرگئیں۔

شائی ہوپ کچھ دیر تو ڈٹے رہے مگر کرس ووئکس نے 31 رنز پر انھیں بھی واپسی کا پروانہ تھما دیا، کیچ مڈ آن سے بھاگ کر آنے والے اسٹورٹ براڈ نے تھاما، بروکس نے ووئکس کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہونے سے قبل 22 رنز اسکور کیے، روسٹن چیس (7) رن آؤٹ ہوئے، کپتان ہولڈر (12) نے ووئکس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پاتے ہی فوری طور پر ریویو لیا مگر فیصلہ اپنے حق میں تبدیل نہ کرا سکے، شین ڈوریچ (8) اور راہکیم کورنویل (2) کو بھی ووئکس نے ایل بی ڈبلیو کیا، جرمین بلیک ووڈ 23 رنز بناکر براڈ کی اننگز میں چوتھی اور میچ میں دسویں وکٹ بنے، اس کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز کا 129 رنز پر اختتام ہوگیا، پہلی اننگز میں صرف ایک وکٹ لینے والے ووئکس نے اس بار5 شکار کیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔