روزگار برآمدات اور چھوٹے و درمیانے کاروبار کا فروغ ترجیح وزیر اعظم

تمام وفاقی محکمے اور صوبائی حکومتیں ایس ایم ایزکوفروغ دیں،کنسٹرکشن کے شعبے پر بھی بھرپور توجہ دینے کی ہدایت


Numainda Express October 09, 2020
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان راوی ریور فرنٹ ویو کے جائزہ اور بنڈال آئی لینڈ منصوبے سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنا، برآمدات میں اضافہ اورملکی آمدنی میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

نیشنل کوآرڈنیشن کمیٹی برائے اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائززکے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا گذشتہ 10سال میں ایس ایم ایز کو یکسر نظر انداز کیا جاتا رہا جس کے ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔

اجلاس میں چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے فروغ کے حوالے سے مجوزہ نیشنل ایس ایم ای پالیسی 2020ء وزیرِ اعظم کو پیش کی گئی اور مجوزہ پالیسی کے خدو خال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم کی زیرصدارت ہاؤوسنگ سے متعلق نیشنل کورآرڈینشن کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا، وزیرِاعظم نے کہا کہ معاشی عمل کو تیز کرنے اور کوویڈ سے متاثرہ معیشت کی بحالی کے حوالے سے کنسٹرکشن کا شعبہ کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی کے تقریباً 10 منصوبے گذشتہ کئی سالوں سے تعطل کا شکار تھے جن پر دوبارہ کام کا اجرا کر دیا گیا ہے اس کے نتیجے میں 38667 یونٹس تعمیر ہوں گے۔ ان منصوبوں کا تخمینہ 120.21 ارب روپے ہے۔ اسی طرح تعطل کاشکار تین منصوبوں پربھی کام کا دوبارہ آغاز کیا جا رہا ہے ان کے نتیجے میں 5372یونٹس تعمیر ہوں گے جن کا تخمینہ 27.85ارب روپے ہے۔ اس سال میں جاری منصوبوں کے نتیجے میں 26625 یونٹس تعمیر ہوں گے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت گزشتہ روز راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ اور بنڈل آئس لینڈ پراجیکٹ پر پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس بھی ہوا۔

دریں اثناء سرکاری اداروں، محکموں تک کمزور طبقہ کی رسائی آسان بنانے کیلیے حکومت نے شکایات کے اندراج کے ضمن میں خصوصی ڈیش بورڈز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔وزیراعظم کی ہدایت پر ملک کا سب سے بڑا شکایات کا نظام مکمل فعال ہو گیا ہے۔

وزیر اعظم سے گزشتہ روز گورنر سندھ عمران اسماعیل اور کراچی کے صنعتکاروں نے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

مقبول خبریں