وزیر اعلیٰ نے آئی جی سے بم دھماکوں کی رپورٹ طلب کرلی

زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کیلیے صوبائی سیکریٹری صحت کواحکامات


Staff Reporter December 25, 2013
زخمی افراد کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں،وزیراعلیٰ کی سیکریٹری صحت کو ہدایت۔فوٹو:فائل

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کراچی کے مختلف علاقوں میں بم دھماکوں اور دستی بم حملوں کے پر زورالفاظ میں مذمت کی ہے اور ان واقعات سے متعلق تفصیلی رپورٹ آئی جی سندھ سے طلب کرلی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ان دھماکوں میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ انھوں نے زخمی افراد کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے صوبائی سیکریٹری صحت کو بھی احکامات دیے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے تمام مکاتب فکرکے علمائے کرام سے بین المسالک رواداری اور بھائی چارگی کی فضا کو برقرار رکھنے کے ساتھ عوام سے بھی کسی بھی واقعے پرمشتعل نہ ہونے اور اپنی صفوں میں اتحاد کوبرقرار رکھنے کی اپیل کی ہے تاکہ دہشت گرد اور سماج دشمن عناصر کی سازشوں کو بے نقاب کیاجائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ خود صورت حال کومانیٹرکررہے ہیں،قانون نافذ کرنے والے ادارے ہائی الرٹ ہیں، کسی بھی مشتبہ شخص اورلاوارث چیز سے متعلق متعلقہ تھانے میں فوری اطلاع دی جائے ۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری سندھ کو ہر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال کے لیے گورننگ بورڈ اور محکمہ صحت کے تمام اداروں ، شعبہ صحت کے منصوبوں کی نگرانی کے لیے صوبائی سطح پر اور سائٹ بورڈ تشکیل دینے کے احکامات دیے ہیں ۔



تاکہ تمام اسپتالوں اور صوبے بھر میں اور جاری صحت کے منصوبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے اور ان پروگرامز کے فوائد عوام تک پہنچائے جا سکیں یہ احکام انھوں نے منگل کو محکمہ صحت کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلیے وزیراعلیٰ ہائوس میں منعقد اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کے دوران دیے۔ انھوں نے ضلع اسپتالوں کے گورننگ بورڈز اور صوبائی اور سائٹ بورڈ کو معیاری دوائوں کی صاف اور شفاف نمونے خریداری اور مریضوں تک اس کی مؤثر طریقے سے رسائی کے بھی احکامات دیے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ افسران کو دوائوں کی خریداری کے مرحلے کوصاف اور شفاف طریقے سے کرنے اوراس بات کو یقینی بنانے کے احکام دیے کہ یہ دوائیں متعلقہ مریضوں تک بلاتعطل فراہم کی جائیں۔ ISDC کے قیام کی تجویز پر وزیراعلیٰ سندھ نے مثبت انداز میں کہا کہ کے واٹر سپلائی، ڈرینج اور صفائی کیلیے انفرا اسٹریکچر (ISDC) کے ذریعے بہترکیا جا سکتا ہے اور اس ضمن میں انھوں نے 250 ملین روپے مختص کرنیکی بھی منظوری دی، وزیراعلیٰ سندھ نے پولیو کیسز ظاہر ہونے پر اپنے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی محکمہ صحت کو پولیو کے خلاف مہم کو مزید سرگرم کرنے اور اس سلسلے میں لاپرواہی ختم کرنے کے بھی احکام دیے ۔

مقبول خبریں