آمدن سے زائد اثاثہ ریفرنس؛ اسپیکر سندھ اسمبلی سراج درانی پر فرد جرم عائد

کورٹ رپورٹر  پير 30 نومبر 2020
ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

 کراچی: احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق ریفرنس میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔

کراچی کی احتساب عدالت کے روبرو آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق سماعت ہوئی۔  عدالت نے آغا سراج درانی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

ملزمان میں آغا سراج کی اہلیہ ناہید درانی، صاحبزادے آغا شہباز، آغا مسیح الدین خان درانی،  بیٹیاں صنم درانی، شہانہ درانی، سارہ درانی، طفیل احمد، ذوالفقار، آغا منور علی، غلام مرتضی اور گل بہار شامل ہیں۔

ملزمان کے صحت جرم سے انکار پر عدالت نے نیب گواہان کو 22 دسمبر کو طلب کر لیا۔ نیب کے مطابق ملزمان کے خلاف ایک ارب 60 کروڑ سے زائد مالیت کے غیر قانونی اثاثے بنانے کے الزام ہے۔

سماعت کے بعد آغا سراج درانی کی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کافی عرصے بعد فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔ کیس کی صورتحال ہمارے وکلا دیکھیں گے۔ تمام عرصے میں نیب نے مجھ سمیت کسی سے کوئی انکوائری نہیں کی۔ نیب کا کوئی افسر میرے علاقے میں انکوائری کے لئے آیا۔ میں نے اور ساتھیوں نے خود ریوینیو سمیت دیگر ریکارڈ نیب افسران کے حوالے کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔