الیکشن میں دھاندلی پر فضل الرحمن کی بات مان لینی چاہیے تھی، ایاز صادق، سعد رفیق

خبر نگار  جمعـء 4 دسمبر 2020

 لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عمران خان صاحب استعفی دے دیں، اگر ہم چور اور آپ دودھ کے دھلے ہیں تو ڈر کس بات کا ہے؟ ایاز صادق نے کہا کہ پی ڈی ایم نے فیصلہ کیا ہے کہ عمران نیازی حکومت سے اب جان چھڑانی ہے، عطاء اللہ تارڑ کے مطابق 13 دسمبر کے جلسے میں پاکستان کو بچانے کی قرارداد پیش کی جائے گی۔

(ن) لیگی رہنماؤں نے یہ باتیں لاہور کے حلقہ این اے 126 کے علاقے شیرا کوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پورا پاکستان لاہور کے جلسہ کو دیکھ رہا ہے، اہل لاہور 13 دسمبر کو لاکھوں کی تعداد میں مینار پاکستان جلسہ میں ضرور آئیں اور نااہل حکمرانوں کے خلاف اپنا فیصلہ سنائیں۔

شہباز شریف کی خدمت کا یہ صلہ دیا گیا کہ انہیں جیل میں ڈال دیا گیا، سعد رفیق

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ تمام تر مسائل کے باوجود ہم نے ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، اس وقت ہماری حکومت ہنگامی اقدامات نہ اٹھاتی تو اس وقت ملک میں 18 ، 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو چکی ہوتی، نواز شریف نے موٹر ویز کا جال بچھا ڈالا، انٹرنیٹ، موبائل اور جدید ٹیکنالوجی ملک میں لے کر آئے، پرویز مشرف اگر ملک پر قبضہ نہ کرتا تو کراچی سے پشاور تک موٹر وے 2002ء میں ہی بنا دیتے، اسی طرح شہباز شریف نے بھی اپنے دور میں تاریخی کام کیے، شہباز شریف کی خدمت کا یہ صلہ دیا گیا کہ انہیں جیل میں ڈال دیا گیا۔

کئی فرعون دیکھ چکے، اب عمران نیازی مسلط ہے، سعد رفیق

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم کئی فرعون دیکھ چکے، اب عمران نیازی کو مسلط کر دیا گیا، ملکی بہتری کے لیے ہم نے دھاندلی زدہ الیکشن کو بھی تسلیم کیا، ہمیں کورونا میں جلسے کرنے کا شوق نہیں، ہم اس لیے باہر ہیں کہ ملکی معیشت تباہ ہوگئی، اس ملک کا نوجوان بے روزگار ہو گیا، بچے کچھے پاکستان کو بچانے کا وقت آن پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست کا مقصد لوگوں میں آسانیاں لانا ہوتا ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں 72 سال سے عجیب کھیل جاری ہے، لوگ ووٹ دیتے ہیں لیکن اس ووٹ کو عزت نہیں دی جاتی، انگریز چلا گیا لیکن اپنی باقیات اور سوچ چھوڑ گیا، ملک آزاد تو ہو گیا لیکن لوگوں کو حقیقی آزادی نہ مل سکی۔

ہم پر کرپشن کا ایک بھی کیس ثابت نہیں ہوسکا، ایاز صادق

سردار ایاز صادق نے کہا کہ پی ڈی ایم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم نے عمران نیازی حکومت سے اب جان چھڑانی ہے، حکومت مسلم (ن) سے سیاسی انتقام لے رہی ہے، پورے پاکستان کے شیر ہی صرف نیب، اینٹی کرپشن کے چکر لگا رہے ہیں لیکن ہم پر ایک بھی کرپشن کا کیس ثابت نہیں ہو سکا، انہوں نے کہا کہ حکومت نے چینی، آٹا، دوائیوں، بجلی اور گیس کی قیمتیں دگنی کر دیں، عمران خان کی سوچ بڑی محدود اور نیت بھی چھوٹی ہے، ان کی سوچ ہی کٹے سے شروع ہو کر مرغیوں پر ختم ہوتی ہے۔

الیکشن میں دھاندلی پر فضل الرحمن کی بات مان لینی چاہیے تھی، ایاز صادق

سردار ایاز صادق نے تسلیم کیا کہ الیکشن 2018ء میں دھاندلی کے بعد ہمیں فضل الرحمن کی بات مان لینی چاہیے تھی اور اسمبلیوں میں جا کر حلف نہیں لینا چاہیے تھا، ہم کورونا سے لڑیں یا اس کورونا سے لڑیں جس نے ملک کو تباہ کر دیا؟ عمران نیازی نے جو وعدے کیے، معاملات اس کے برعکس ہوئے۔

13 دسمبر کے جلسے میں پاکستان بچانے کی قرارداد پیش کریں گے، عطا اللہ تارڑ

مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ آج آٹا چینی مہنگی کیوں ہے؟ بجلی کے بل کیوں زیادہ کیوں آرہے ہیں، عمران نیازی بٹوہ اس لیے نہیں رکھتا کہ اس کے پاس اے ٹی ایم کی اسپانسر مشینیں ہیں، وہ اقتدار میں بھی چور راستے سے آیا، 13 دسمبر کو لائحہ عمل کا اعلان ہو گا؟ اس جلسے میں پاکستان کو بچانے کی قرارداد پیش کی جائے گی۔

معیشت اوپر جا رہی ہے تو لوگ خودکشیاں کیوں کر رہے ہیں؟ مہر اشتیاق

مہر اشتیاق نے کہا کہ معیشت اوپر جا رہی ہے تو لوگ خودکشیاں کیوں کر رہے ہیں، سلیکیٹڈ نے کرکٹر کو حکمران بنایا، وہ آج خود اپنے فیصلے پر پریشان ہیں، چینی کی قیمت 55 سے 110 پر آ گئی، نیب ان مافیا کو کیوں نہیں پکڑتا، نواز شریف ہماری آنے والے نسلوں کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔