2013 کراچی اسٹاک مارکیٹ میں بلندیوں کا سفر جاری رہا

یومیہ اوسط کاروباری حجم بہتر ہو کر 23 کروڑ 74 لاکھ شیئرز رہا، مالیت بھی بڑھ گئی، 3 نئی کمپنیوں کی لسٹنگ ہوئی


Business Reporter January 01, 2014
کراچی اسٹاک ایکسچینج میں سال 2013کے آخری ٹریڈنگ سیشن میں بروکر ڈیجیٹل شیئرپرائسزبورڈ پرنظرجمائے ہوئے ہے۔ فوٹو: آن لائن

ISLAMABAD: تقویمی سال2013 کراچی اسٹاک ایکس چینج کے لیے تاریخی ثابت ہوا۔

جہاں بنچ مارک کے ایس ای100انڈیکس نے پے درپے ریکارڈز بنائے اورملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 25000 پوائنٹس کی نفسیاتی حدعبور کرنے کے بعد 25579.33 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا جس کا پہلے کسی نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا، سال 2012 کے آخری دن انڈیکس 16905 پوائنٹس پر بند ہوا تھا اور ٹھیک ایک سال بعد 31 دسمبر2013 کوکے ایس ای 100 انڈیکس مجموعی طور پر8356 پوائنٹس کے اضافے سے 25261 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ چکا ہے جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس مجموعی طور پر5044 پوائنٹس کے اضافے سے18808 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جبکہ آل شیئر انڈیکس بھی مجموعی طور پر6699 پوائنٹس کے اضافے سے18664 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا، مجموعی طور پر سال بھر میں تیزی کا رحجان غالب رہنے کے باعث حصص کی مالیت میں18 کھرب14 ارب22 کروڑ 77 روپے کا اضافہ ہوا جس سے مارکیٹ کے مجموعی سرمائے کی مالیت بھی بڑھ کر60 کھرب 56 ارب 50 کروڑ 60 لاکھ روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ یہ مسلسل دوسرا سال ہے کہ انڈیکس میں49 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، یہی وجہ ہے کہ کراچی اسٹاک ایکس چینج تقویمی سال2013 میں بھی کارکردگی کے لحاظ سے دنیاکی بہترین مارکیٹوں میں شامل رہی، غیر ملکی سرمایہ کاروں کی فروخت کے دبائو، گیس کے مسائل اور کچھ اچھے معاشی اعداد و شمار کا ساتھ ملتا تو تقویمی سال 2013 کے دوران 100 انڈیکس 26000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی عبور کرنے کی استعداد رکھتا تھا، تقویمی سال 2013 کے دوران یومیہ اوسط کاروباری حجم 23 کروڑ 74 لاکھ شیئرزپر مشتمل رہا جبکہ سال 2012 میں یومیہ کی اوسطا کاروباری سرگرمیاں 19 کروڑ 79 لاکھ حصص تھیں، تقویمی سال2013 کے دوران کاروباری مالیت کا یومیہ اوسط 7 ارب60 کروڑ روپے رہا جو2012میں 4 ارب 67 کروڑ روپے تھی، کمپنیوں کے اندراج کے حوالے سے دیکھا جائے تو تقویمی سال 2013 میں یہ تعداد 5سال سے سب سے کم ہے، 2013 میں کراچی اسٹاک ایکس چینج میں لسٹڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد560 رہی جوسال2012 میں 573 جبکہ تقویمی سال 2009 میں لسٹڈ کمپنیوں کی تعداد 651 تھی، سال 2013میں 3 نئی کمپنیوں کی اسٹاک مارکیٹ میں لسٹنگ ہوئی جبکہ 2012 میں 4 نئی کمپنیوں کی لسٹنگ ہوئی تھی، سال 2013 کے دوران کراچی اسٹاک ایکس چینج میں ہونے والی فیوچر ٹریڈنگ کی سرگرمیوں میں اضافہ رہا اور اوسط روزانہ کاروباری حجم 2 کروڑ 22 لاکھ رہا جبکہ یہ حجم سال 2012 میں اوسط روزانہ 1 کروڑ 29لاکھ حصص کے لین دین پر مشتمل تھا۔

مقبول خبریں