کرن جوہر کی نئی فلم ‘تو میری میں تیرا میں تیرا تو میری’ ریلیز ہونے سے پہلے ہی تنازع کا شکار ہوگئی ہے اور کاپی رائٹ کے الزام میں ممبئی ہائی کورٹ میں 10 کروڑ بھارتی روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مشہور پروڈکشن ہاؤس تریمورتی فلمز نے کرن جوہر کے دھرما پروڈکشن پر 1992 کے مشہور گانے ‘سات سمندر پار’ کا نقل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے بمبئیہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔
تریمورتی فلمز نے دعویٰ کیا ہے کہ آنے والی فلم میں غیرقانونی طور پر مذکورہ گانے کی دھن اور شاعری بغیر اجازت کے استعمال کی گئی ہے۔
عدالت میں دائر کیے گئے دعوے کے مطابق پروڈکشن ہاؤس نے 10 کروڑ بھارتی روپے ہرجانے کے ساتھ ساتھ سات سمندر پار کا تو میری میں تیرا میں تیرا تو میری یا کسی اور فلم میں استعمال، مالی فوائد یا ردوبدل پر مستقل حکم امتناع جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
کرن جوہر کی نئی فلم تو میری میں تیرا میں تیرا تو میری 25 دسمبر کو ریلیز ہوگی، جس کا ٹریلر پہلے ہی جاری کردیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں فریقین کی شہرت اور فلم کی ریلیز کی تاریخ قریب ہونے کی وجہ سے معاملے کا فیصلہ جلد ہونے کا امکان ہے۔
مقدمے میں فلم کے پروڈیوسر کرن جوہر اور دیگر کے دھرما پروڈکشنز اینڈ ناماہ پکچرز پرائیویٹ لمیٹڈ کو فریق بنایا گیا ہے، دیگر افراد میں سارے گاما انڈیا لمیٹڈ اور ریپر کمپوزر ادیتیا پراتیک سنگھ المعروف بادشا کو بھی شامل کیا گیا ہے جو گانے کے مبینہ نئے ورژن سے منسلک ہیں۔
تریمورتی فلمز نے مؤقف اپنایا ہے کہ گانے کے استعمال سے اوریجنل کمپوزیشن کے حقوق کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
دوسری جانب دھرما پروڈکشن اور دیگر فریقین کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے تاہم یہ مقدمہ بالی ووڈ کی فلموں میں گانوں کے کاپی رائٹ کے الزامات میں نیا اضافہ ہے۔
یاد رہے کہ 1992 میں ریلیز ہونے والا گیت ‘سات سمندر پار’ فلم وشواتما میں شامل تھا اور سادھنا سرگم کی آواز میں اسے دیویا بھارتی پر فلمایا گیا تھا، گانے کی دھن وجوشا کی تھی اور یہ گانا اپنے دورے کے مقبول گانوں میں سے ایک تھا۔
کرن جوہر کی نئی فلم تو میری میں تیرا میں تیرا تو میری 25 دسمبر کو ریلیز ہونے والی ہے اور یہ رومانٹک مزاحیہ فلم ہے جس کے ڈائریکٹرسمیر ودوانس ہیں جبکہ کرن جوہر، آدر پوناوالا، اپورو مہتا، بھومیکا تیواری، شرین منتری کیڈیا اور کشور اروڑا نے دھرما پروڈکشنز اور ناما پکچرز کے بینر تلے پروڈیوس کی ہے۔
اس فلم میں کارتک آریان اور اننیا پانڈے مرکزی کردار ہیں، دیگر اداکاروں میں نینا گپتا، جیکی شروف اور ٹیکو تلسانیہ شامل ہیں۔
مذکورہ فلم ریلیز سے قبل کاپی رائٹ کے تنازع کے علاوہ دیگر وجوہات کی بنا پر بھی زیربحث ہے۔