ریٹیلرز کا نوٹیفکیشن کے بغیر دودھ کی قیمت بڑھانے سے انکار

بزنس رپورٹر  بدھ 27 جنوری 2021
دودھ کی نئی قیمتوںکا تعین حکومتی منظوری سے ہی کیا جائے، صدر ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کو خط. فوٹو : فائل

دودھ کی نئی قیمتوںکا تعین حکومتی منظوری سے ہی کیا جائے، صدر ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کو خط. فوٹو : فائل

 کراچی:  ہول سیلرز اور فارمرز پر مشتمل ڈیری مافیا نے دودھ کی قیمتوں میں اضافے کے لیے دباؤ ڈالنا شروع کردیا جب کہ ریٹیلرز نے شہری انتظامیہ کے نوٹیفکیشن کے بغیر آئندہ دودھ کی قیمت میں اضافے سے انکار کر دیا۔

آل کراچی ملک ریٹیلرز  ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ترجمان خلیل احمد کی جانب سے ڈیری اینڈکیٹل فارمرز ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر شاکر عمر گجر کے نام لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ مستقبل میں دودھ کی قیمتوں میں اضافے کو حکومتی نوٹیفکیشن سے مشروط کیا جائے کیونکہ ڈیری فارمرز کی جانب سے نوٹیفکیشن کے بغیر دودھ کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں ریٹیل سطح پر دودھ کی قیمت میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے اور غیر سرکاری نرخوں پر دودھ کی فروخت کا خمیازہ ریٹیلرز کو چھاپوں، گرفتاری اور تذلیل کی صورت میں بھگتنا پڑتا ہے۔

دودھ کے ریٹیلرز نے خط میں مزیدکہا ہے کہ دودھ کی پیداواری لاگت کے اعتبار سے دودھ کی نئی قیمتوںکے تعین کو معاملے کو حکومتی رضامندی اور منظوری سے ہی حل کیا جانا ہوگااور مستقبل میں ریٹیلرز دودھ کی قیمتوں میں غیر سرکاری طور پر اضافے کے حوالے سے کسی کے بھی آلہ کار نہیں بنیں گے۔

ریٹیلرز کی جانب سے ڈیری فارمرز کو یہ مشورہ دیا گیا کہ ڈیری فارمرز سنجیدگی سے دودھ کی فی لٹر پیداواری لاگت کے مطابق عملی قدم بڑھائیں اورآئندہ دودھ فروش غیر قانونی نرخوں پر دودھ فروخت کرکے ڈیری فارمرز کی مدد نہیں کریں گے اور کسی بھی غیر قانونی اقدام میں آلہ کار نہیں بنیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔