کراچی میں کم عمر لڑکی سے اجتماعی زیادتی کا چوتھا ملزم لاہور سے گرفتار

ملزم سمیر کو لاہور سے گرفتار کیا گیا، زیادتی کے خلاف گلشن حدید نیشنل ہائی وے پر احتجاج دونوں ٹریک ٹریفک کے لیے بند


Staff Reporter February 15, 2021
ملزم سمیر کو لاہور سے گرفتار کیا گیا، زیادتی کے خلاف گلشن حدید نیشنل ہائی وے پر احتجاج دونوں ٹریک ٹریفک کے لیے بند (فوٹو : فائل)

KARACHI: گلشن حدید میں پرائمری اسکول کے ہیڈ ماسٹر کی جواں سال بیٹی کو اغوا کر کے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے واقعے میں ملوث چوتھے ملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسٹیل ٹاؤن گلشن حدید میں پرائمری اسکول کے ہیڈ ماسٹر کی جواں سال بیٹی کو اغوا کر کے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے واقعے میں ملوث ایک اور ملزم سمیر کو گرفتار کر لیا گیا۔

ایس پی انویسٹی گیشن ملیر عمران قریشی نے چوتھے ملزم سمیر کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ افسوس ناک واقعے میں گرفتار ملزمان کی تعداد 4 ہوگئی ہے جن میں سمیر، سمیع، فواد اور عادل شامل ہیں۔

یہ پڑھیں : کراچی میں ملزمان نے 16 سالہ لڑکی کو اغوا کرکے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا

 

انہوں نے کہا کہ تمام گرفتار ملزمان کے ڈی این اے ٹیسٹ کرائے جائیں گے اور ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے ملزمان کے نمونے حاصل کرنے کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا، ٹیسٹ کے لیے نمونے فارنزک لیبارٹری بھجوائے جا رہے ہیں، ڈی این اے ٹیسٹ کی رپورٹس آنے کے بعد تفتیش میں پیش رفت ہو گی۔

ذرائع کے مطابق اس واقعہ میں ملوث چوتھے ملزم سمیر کو لاہور سے گرفتار کیا گیا۔ دوسری جانب پرائیوٹ اسکول ٹیچرز ایسوسی ایشن کی جانب سے گزشتہ روز واقعے کے بعد گلشن حدید نیشنل ہائی وے پر احتجاج کیا گیا جس کے باعث نیشنل ہائی وے کے دونوں ٹریک ٹریفک کے لیے بند ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی گلشن حدید میں لڑکی سے اجتماعی زیادتی کرنے والے 3 ملزمان گرفتار

 

احتجاج کے دوران مظاہرین نے واقعے میں ملوث درندہ صفت ملزمان کو فوری گرفتار کر کے سزا دینے اور تفتیشی افسر کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا۔

احتجاج کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے مظاہرین کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے اپنا احتجاج ختم کرنے پر رضا مند کرلیا جس کے بعد مظاہرین منشترہوگئے۔

دریں اثنا اتوار اور پیر کی درمیانی شب متاثرہ لڑکی کی اچانک طبعیت خراب ہوگئی جسے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

مقبول خبریں