کرکٹر اینڈریو اسٹراؤس نے خود سے 18 سالہ کم عمر خاتون سے دوسری شادی کرلی

اینڈریو اسٹراؤس اور انٹونیا کو پہلی بار دو سال قبل لندن کے ایک مہنگے ریسٹورنٹ میں ایک ساتھ دیکھا گیا تھا


ویب ڈیسک December 22, 2025

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اینڈریو اسٹراؤس نے سات برس قبل اپنی اہلیہ کے انتقال کے بعد دوسری شادی کرلی ہے۔ 

48 سالہ اینڈریو اسٹراؤس نے جنوبی افریقہ کے خوبصورت قصبے فرانس خوک میں سابق پی آر ایگزیکٹو اور خود سے 18 سال کم عمر انٹونیا لینئیس پیٹ سے شادی کرلی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تقریب انتہائی سادہ اور نجی نوعیت کی تھی، جس میں صرف دونوں خاندانوں کے افراد شریک ہوئے۔ اینڈریو اسٹراؤس نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شادی کی تقریب کیپ ٹاؤن کے مشرق میں واقع ایک پُرسکون وادی میں منعقد ہوئی، اسی باعث وہ ایشز سیریز کے آغاز کےلیے آسٹریلیا نہیں جا سکے۔

اینڈریو اسٹراؤس اور انٹونیا لینئیس پیٹ کو پہلی بار دو سال قبل لندن کے ایک مہنگے ریسٹورنٹ سے نکلتے ہوئے ایک ساتھ دیکھا گیا تھا، جس کے بعد ان کے تعلقات کی خبریں سامنے آئیں۔ بعد ازاں دونوں نے اس سال ومبلڈن میں رائل باکس میں بھی ایک ساتھ شرکت کی، جہاں کئی معروف اسپورٹس شخصیات موجود تھیں۔

30 سالہ انٹونیا لینئیس پیٹ نے ہانگ کانگ میں پرورش پائی اور بعد ازاں برطانیہ کے معروف بورڈنگ اسکول سینٹ میری کیلن میں تعلیم حاصل کی۔ وہ ماضی میں پی آر ایگزیکٹو رہ چکی ہیں اور اس وقت لینئیس فائن آرٹ ایڈوائزری لمیٹڈ کی ڈائریکٹر ہیں۔

اینڈریو اسٹراؤس کی یہ شادی ان کی زندگی کے ایک مشکل دور کے بعد سامنے آئی ہے۔ ان کی پہلی اہلیہ روتھ اسٹراؤس 29 دسمبر 2018 کو 46 برس کی عمر میں پھیپھڑوں کے ایک نایاب کینسر کے باعث انتقال کر گئی تھیں۔ دونوں کی شادی کو 15 سال ہوچکے تھے اور ان کے دو بیٹے، سیموئل اور لوکا ہیں، جن کی عمریں اس وقت 19 اور 17 برس ہیں۔

روتھ اسٹراؤس کی بیماری اور وفات کے بعد اینڈریو اسٹراؤس نے 2019 میں روتھ اسٹراؤس فاؤنڈیشن قائم کی، جو ایسے خاندانوں کی مدد کرتی ہے جو والد یا والدہ کے انتقال کے مرحلے سے گزر رہے ہوں، جبکہ پھیپھڑوں کے کینسر پر تحقیق کے لیے بھی فنڈ فراہم کرتی ہے۔ اس فاؤنڈیشن کے تحت ہر سال ’ریڈ فار روتھ‘ کے نام سے ایک خصوصی دن بھی منایا جاتا ہے، جو انگلش کرکٹ سیزن کا مستقل حصہ بن چکا ہے۔

اینڈریو اسٹراؤس ماضی میں کئی بار اس بات کا اعتراف کرچکے ہیں کہ اہلیہ کی وفات نے ان کی سوچ بدل دی۔ 2023 میں ایک انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ زندگی محدود ہے، اس لیے اب وہ اس بات پر زیادہ غور کرتے ہیں کہ کیا کرنا ہے اور کیا نہیں۔ ان کے مطابق سب سے اہم بات یہ ہے کہ وہ اپنے قریبی اور عزیز لوگوں کو خوش رکھ سکیں۔

مقبول خبریں