درس گاہوں میں منشیات کا بڑھتا ہوا استعمال، سندھ اسمبلی کا صوبائی حکومت سے کارروائی کا مطالبہ

سندھ اسمبلی کی مسیحی برادری کو مبارکباد کی قرارداد متفقہ طور پر منظور، تھرکول انرجی بورڈ کا ترمیمی بل بھی منظور


ویب ڈیسک December 22, 2025
(فوٹو فائل)

کراچی:

کراچی میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال پر سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم نے آواز بلند کردی اور سندھ حکومت سے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر انتھونی نوید کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں توجہ دلاؤ نوٹس پر ایم کیو ایم کی رکن قرۃ العین نے کہا کہ صوبہ سندھ میں بڑھتے ہوئے منشیات کے استعمال کے خلاف سندھ حکومت کیا اقدامات کر رہی ہے؟ صوبہ سندھ میں منشیات کا استعمال بڑھ چکا ہے، بچوں کو منشیات نے تباہ کر دیا، تعلیمی درسگاہوں میں بچوں کو منشیات مل رہی ہے، گلی محلوں میں کھلے عام منشیات مل جاتی ہے، گراؤنڈز کے دروازے منشیات کے عادی افراد نے بیچ دیے ہیں، لانڈھی میں منشیات ہر جگہ دستیاب ہے۔

وزیر ایکسائز اینڈ نارکوٹکس مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ کارروائیاں جاری ہیں، والدین اور ٹیچرز کے اسکولوں میں اسپیشل کمیٹی بنا دی ہے، پولیس کے نمائندے بھی اس میں ملوث ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی ہو رہی ہے، ہم نے نارتھ ناظم آباد میں بندہ پکڑا جو آن لائن طالب علموں کو منشیات سپلائی کرتا تھا، شہر سے باہر ری ہیب بنانے پر کام چل رہا ہے، ری ہیب میں بہت سختی چل رہی ہے، ہم بھی والدین ہیں اور منشیات کے خلاف دن رات کارروائیاں جاری ہیں۔

تھرکول انرجی بورڈ کا ترمیمی بل منظور

وزیر پارلیمانی امور ضیاء الحسن لنجار نے تھرکول انرجی بورڈ کا ترمیمی بل پیش کر دیا جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔

ضیاءالحسن لنجار نے کہا کہ بل میں کچھ کلاز کی تبدیلی ہے، معمولی تبدیلیاں لائی گئی ہیں،  یہ بل 2011ء میں منظور ہوا تھا۔

مسیحی برادری کو مبارکباد کی قرارداد متفقہ طور پر منظور

سندھ اسمبلی نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارک باد کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ قرارداد روما مشتاق مٹو نے پیش کی۔ جس پر متعدد ارکان نے گفتگو کی اور مسیحی برادری کو مبارک باد پیش کی۔

ڈپٹی اسپیکرانتھونی نوید نے کہا کہ یہ صوفیوں کی سرزمین کی بڑی مثال ہے، سب نے مل کر مسیحی برادری کو مبارک باد پیش کی ہے۔

مقبول خبریں