پنجاب میں ایک ہزار ایکڑ رقبے پر گیم ریزور، 4 نیشنل پارک بنانے کا فیصلہ

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 26 فروری 2021
جنگلات اور جنگلی حیات ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں جو زمین کے حُسن کو چارچاند لگاتے ہیں، صمصام بخاری . فوٹو : فائل

جنگلات اور جنگلی حیات ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں جو زمین کے حُسن کو چارچاند لگاتے ہیں، صمصام بخاری . فوٹو : فائل

 لاہور: صوبائی وزیر وائلڈ لائف سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے محکمہ جنگلی حیات سرکاری زمین قابضین سے واگزار کرواکر ناصرف شجر کاری کررہا ہے بلکہ ایک ہزارایکڑ رقبے پر گیم ریزو کے قیام اور 4 وائلڈ لائف پارکس کو نیشنل پارکس میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

لاہور کے مقامی ہوٹل میں 10 بلین ٹری سونامی پروگرام کے حوالے سے تقریب منعقدہ ہوئی، ٹریننگ ورکشاپ میں بدر منیر اعزازی گیم وارڈن پنجاب، ڈاکٹر ذوالفقارعلی، انورمان پروجیکٹ ڈائریکٹر، سلیم لنگاہ ڈائریکٹر وائلڈ لائف، شفقت علی ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر، میاں حفیظ ڈائریکٹر وائلڈ لائف، عبدالشکور منج ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف اور مدثرحسین ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف سمیت محکمے کے دیگرافسران اورماہرین نے بھی شرکت کی۔

گرین پاکستان مہم کی ایک روزہ ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ ”کلین اینڈ گرین پاکستان“ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے محکمہ جنگلی حیات اپنے تمام وسائل بروئے کار لارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنگلات اور جنگلی حیات ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں جو زمین کے حُسن کو چارچاند لگاتے ہیں اور ماحول کو خوشگوار اور خوبصورت بناتے ہیں، جنگلات کی حفاظت ہماری قومی ذمہ داری ہے تاکہ آئندہ نسلوں کیلئے قدرت کے انمول تحائف کو بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی ورکشاپس کا انعقاد جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے عوامی شعور اجاگر کرنے میں مدد گار ثابت ہوگا۔

صمصام بخاری نے کہا کہ محکمہ جنگلی حیات ایک جامع محکمہ حکمت عملی کے تحت سرکاری زمین ناجائز قابضین سے واگزار کرواکر شجر کاری کررہا ہے، اس کے ساتھ ساتھ محکمہ جنگلی حیات نے ایک ہزارایکڑ رقبے پر گیم ریزو قائم کرنے کی اجازت بھی دی ہے اور چار وائلڈ لائف پارکس کو نیشنل پارکس میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اسی طرح غیر قانونی شکار پر سزاؤں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے تاکہ غیر قانونی شکار کی روک تھام ممکن ہو، اس کے ساتھ ساتھ تحقیق وجستجو کے کلچر کو پروان چڑھانے کیلئے وافر فنڈز بھی مہیا کیے جائیں گے تاکہ وائلڈ لائف کے تحفظ اور اہمیت کے سماجی شعور میں اضافہ ہوسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔