اغوا کا ڈرامہ رچانے والا نوجوان بازیاب، 2 لڑکیاں گرفتار

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 8 اپريل 2021
 17 سالہ نور نے اہل خانہ سے رقم لینے کیلیے ڈرامہ کیا،نوجوان بھی زیرحراست۔ فوٹو: فائل

 17 سالہ نور نے اہل خانہ سے رقم لینے کیلیے ڈرامہ کیا،نوجوان بھی زیرحراست۔ فوٹو: فائل

 کراچی: اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل اور سی پی ایل سی نے اغوا کا ڈرامہ رچانے والے نوجوان کو بازیاب کر کے 2 لڑکیوں کو گرفتار کرلیا۔

اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل پولیس اور سی پی ایل سی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اورنگی ٹاؤن بنگلہ بازار میں چھاپہ مار کر مغوی نوجوان 17 سالہ نور شاہ ولد اللہ یار کو بازیاب کرتے ہوئے 2 لڑکیوں طوبیٰ اور شازیہ کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق مغوی نور شاہ کے بھائی شہنشاہ نے 5 اپریل کو پاک کالونی پولیس کو اطلاع دی کہ اس کے بھائی کو اغوا کرلیا گیا اور اس کی رہائی کے عوض 2 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا ہے جس پر اے وی سی سی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مغوی کی بازیابی کے لیے کوششیں شروع کر دیں اور جس موبائل فون نمبر سے رابطہ کر کے اہلخانہ سے تاوان طلب کیا گیا تھا۔

پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اس کی لوکیشن کا سراغ لگاتے ہوئے مغوی لڑکے کو بازیاب کرا لیا جبکہ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ لڑکا اغوا نہیں ہوا تھا بلکہ اس نے خود گرفتار خواتین کے ساتھ ملکر کر اغوا کا ڈرامہ رچایا تھا تاکہ اہلخانہ سے تاوان کی رقم وصول کر سکے، پولیس نے نوجوان کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔