وزیراعظم کی اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات پر مذاکرات کی دعوت

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 1 مئ 2021
الیکشن کی ساکھ برقرار رکھنے کا واحد حل الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور ٹیکنالوجی کا استعمال ہے، عمران خان

الیکشن کی ساکھ برقرار رکھنے کا واحد حل الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور ٹیکنالوجی کا استعمال ہے، عمران خان

 اسلام آباد: وزیراعظم نے اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات پر مذاکرات کی دعوت دے دی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں کم ٹرن آؤٹ کے باوجود تمام جماعتیں دھاندلی کے الزامات لگا رہی ہیں، سینیٹ الیکشن اور ڈسکہ ضمنی انتخاب میں بھی یہی ہوا تھا، الیکشن کی ساکھ برقرار رکھنے کا واحد حل الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور ٹیکنالوجی کا استعمال ہے، میں اپوزیشن کو دعوت دیتا ہوں کہ انتخابی اصلاحات پر ہمارے ساتھ بیٹھیں۔

عمران خان نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ 1970 کے علاوہ، ہر الیکشن میں دھاندلی کا شور ہوا اور نتائج پر سوالات اٹھائے گئے، 2013 کے عام انتخابات میں 133 حلقوں پر انتخابی عذرداری کی شکایات سامنے آئیں، ہم نے چار حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا، چاروں میں دھاندلی ثابت ہوئی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا ہمیں دھاندلی کے خلاف جوڈیشل کمیشن بنوانے میں ایک سال لگا، 126 دن کا دھرنا دینا پڑا، جوڈیشل کمیشن نے 2013 کے انتخابات میں 40 خامیوں کی نشاندہی کی لیکن بدقسمتی سے کوئی ٹھوس انتخابی اصلاحات نہیں کی گئیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ڈونلڈ ٹرمپ نے 2020 کے امریکی الیکشن کو متنازع بنانے کی ہر ممکن کوشش کی، لیکن ٹیکنالوجی کے استعمال کی وجہ سے کوئی انتخابی بے ضابطگی ثابت نہ ہوسکی۔

وزیراعظم نے کہا اپوزیشن ہمارے ساتھ بیٹھ کر دستیاب الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ماڈل کا انتخاب کرے، ہم ایک سال سے اپوزیشن کو کہہ رہے ہیں کہ انتخابی اصلاحات میں ہمارا ساتھ دیں، ہماری حکومت انتخابی نظام میں اصلاحات لانے کے لیے پرعزم ہے، ٹیکنالوجی کے استعمال سے انتخابی نظام میں شفافیت آئے گی، انتخابات شفاف ہونگے تو ہی جمہوریت مضبوط ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔