شکست کا جھٹکا پاکستان کو زنگ لگتے ہتھیاروں کی یاد آگئی

کوچ نے تیسرے ٹیسٹ کیلیے اسکواڈ میں چند تبدیلیوں کا عندیہ دے دیا


Sports Desk January 14, 2014
واٹمورنے دوسرا ٹیسٹ گنوانے کی وجہ ٹاس ہارنے کو قرار دے دیا۔ فوٹو : فائل

دبئی میں شکست کا جھٹکا لگنے کے بعد پاکستان کو زنگ لگتے ہتھیاروں کی یاد آگئی،کوچ ڈیو واٹمور نے سری لنکا سے تیسرے ٹیسٹ کیلیے اسکواڈ میں چند تبدیلیوں کا عندیہ دے دیا،طویل عرصے سے اسکواڈ کے ساتھ موجود رہنے کے باوجود موقع کے منتظر اسپنر عبدالرحمان کو معاوضے کی رقم حلال کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔

واٹمور دوسرا ٹیسٹ گنوانے کی وجہ ٹاس ہارنے کو قرار دے رہے ہیں، انھوں نے کہاکہ وکٹ پہلے روز فاسٹ بولرز کے لیے موزوں تھی لہذا ایک اسپنر کے ساتھ کھیلنے کا فیصلہ درست رہا، ان کے مطابق سعید اجمل کی افادیت ختم ہونے کا تاثر درست نہیں، انھیں احتیاط سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔دوسری جانب ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کی پانچویں پوزیشن بھی خطرے میں پڑگئی، تیسرے میچ میں فتح سے سری لنکا اسے چھٹے نمبر پر پہنچا سکتا ہے، تنزلی کا سفر روکنے کے لیے کم سے کم آخری مقابلہ ڈرا کرنا ہوگا،پلیئرز رینکنگ میں کپتان مصباح الحق اپنی آٹھویں پوزیشن بچانے میں کامیاب رہے، یونس خان ٹاپ ٹین سے بیدخلی کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دبئی ٹیسٹ 9 وکٹ سے جیت کر سری لنکا نے سیریز میں 1-0 سے سبقت حاصل کر لی، تیسرا اور آخری میچ16 جنوری سے شارجہ میں شروع ہونا ہے، دوسرے ٹیسٹ میں اسپنر عبدالرحمان کو نہ کھلانے پر کافی تنقید ہوئی تھی، اب انھیں موقع ملنے کا امکان ہے، وہ طویل عرصے سے ٹیم کے ساتھ مگر بغیر کھیلے معاوضے وصول کر رہے ہیں، اب انھیں یہ رقم حلال کرنے کا موقع میسر آ سکتا ہے۔

کوچ ڈیو واٹمور نے بھی تیسرے میچ کیلیے ٹیم میں بعض تبدیلیوں کا عندیہ دیا، میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ شارجہ ٹیسٹ کی پلیئنگ الیون میں چند تبدیلیاں ہوسکتی ہیں، یاد رہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں بلاول بھٹی ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے تھے، اگر وہ بروقت فٹ نہ ہوئے تو محمد طلحہٰ کو میدان میں اتارا جا سکتا ہے، دوسرے اسپنر عبدالرحمان کیلیے راحت علی کو جگہ خالی کرنا پڑ سکتی ہے۔ واٹمور دوسرا ٹیسٹ گنوانے کی وجہ ٹاس ہارنے کو قرار دیتے ہیں، انھوں نے کہاکہ پہلے روز وکٹ فاسٹ بولرز کیلیے زیادہ موزوں تھی مگر بدقسمتی سے سکہ ہمارے رخ میں نہ گرا، یہ میچ شروع ہونے سے قبل بارش کی وجہ سے پچ 24 گھنٹوں سے ڈھکی ہوئی تھی۔ انھوں نے دبئی ٹیسٹ میں دوسرے اسپنر کو نہ کھلانے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہمیشہ پچ کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین الیون منتخب کرتے ہیں، اسی لیے میچ میں تین فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترے تھے۔



سعید اجمل کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ابوظبی اور اب دبئی دونوں مقامات پر اسپنرز زیادہ کامیابی حاصل نہیں کرپائے، یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ اب حریف سعید کی بولنگ کو سمجھنے لگے ہیں، البتہ آف اسپنر کو احتیاط سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل 2017 میں دنیا کی 4ٹاپ ٹیسٹ ٹیموں کے درمیان چیمپئن شپ کرانے کی تیاریوں میں مصروف ہے، مگر پاکستانی ٹیم مسلسل اپنی اس منزل سے دور ہونے لگی، گذشتہ برس کے آخر میں وہ رینکنگ میں چوتھے نمبر پر تھی مگر اب پانچویں پر پہنچ چکی جبکہ یہاں سے بھی تنزلی کا خطرہ سر پر منڈلا رہا ہے۔ ایشز سیریز میں کلین سوئپ فتح کی بدولت آسٹریلیا پاکستان سے آگے نکل گیا تھا۔

اب سری لنکا کے ہاتھوں دبئی ٹیسٹ میں شکست کی وجہ سے مصباح الیون کی پوزیشن مزید کمزور ہوچکی،اگر آئی لینڈرز 16 جنوری سے شارجہ میں شروع ہونے والے تیسرے میچ میں کامیابی حاصل کرلیتے ہیں تو پھر وہ پانچویں جبکہ گرین کیپس چھٹے نمبر پر آجائیں گی، اس وقت سری لنکا کے 88 اور پاکستانی102 پوائنٹس ہیں، اب مصباح الیون کو چھٹے درجے پر تنزلی سے خود کو بچانے کیلیے شارجہ میں کم سے کم میچ کو ڈرا کرنا ہوگا۔ 31 دسمبر 2016 کو ٹیمیں رینکنگ میں ٹاپ 4 میں شامل ہوں گی وہی ٹیسٹ چیمپئن شپ کھیلیں گی۔ بیٹسمین رینکنگ میں مصباح الحق تو 97 کی مزاحمتی اننگز کی بدولت اپنی آٹھویں پوزیشن بچانے میں کامیاب ہوگئے مگر یونس خان کو ایک درجہ تنزلی نے دسویں نمبر پر پہنچا دیا، اسد شفیق 4 درجے خسارے سے ٹاپ 20 سے باہر ہوتے ہوئے 22 ویں نمبر پر آگئے، حفیظ بھی 2درجے نیچے 51 ویں نمبر پر پہنچ گئے، پہلی ٹیسٹ ففٹی بنانے والے سرفراز احمد 27 درجے بہتری سے 115 واں نمبر سنبھال چکے۔ بولرز میں سعید اجمل بدستور پانچویں اور عبدالرحمان 14 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

مقبول خبریں