جہانگیر ترین ہم خیال گروپ کی خیبرپختونخوا میں بھی انٹری، کئی ارکان اسمبلی کے رابطے

احتشام بشیر  بدھ 19 مئ 2021
خیبرپختونخوا اسمبلی میں گروپ کی فی الوقت ضرورت نہیں، راجا ریاض فوٹو: فائل

خیبرپختونخوا اسمبلی میں گروپ کی فی الوقت ضرورت نہیں، راجا ریاض فوٹو: فائل

 پشاور: جہانگیر ترین ہم خیال گروپ نے پنجاب کے بعد اب خیبرپختونخوا میں بھی انٹری دے دی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی میں جہانگیر ترین ہم خیال گروپ نے پنجاب کے بعد اب خیبر پختونخوا میں بھی انٹری دے دی ہے۔ خیبر پختونخوا کے ارکان قومی اسمبلی کی حمایت حاصل کرنے کے لیے ہم خیال گروپ کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر راجا ریاض کو ٹاسک سونپا گیا ہے۔

اس حوالے سے راجا ریاض نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم خیال گروپ کو خیبرپختونخوا سے 5 ارکان قومی اسمبلی کی حمایت حاصل ہوگئی ہے تاہم ان کے نام وقت آنے پر ہی بتائیں گے، اس کے علاوہ مزید ایم این ایز سے بھی رابطے میں ہیں۔ خیبرپختونخوا اسمبلی میں گروپ کی فی الوقت ضرورت نہیں تاہم وقت پڑنے پر خیبرپختونخوا اسمبلی میں بھی گروپ بناسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات لاہور میں جہانگیر ترین نے اپنے حامی ارکان پنجاب و قومی اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ دیا تھا جہاں پی ٹی آئی میں ہی جہانگیر ترین ہم خیال گروپ کے باضابطہ قیام کا اعلان کیا گیا۔ راجا ریاض کو قومی اسمبلی میں گروپ کا پارلیمانی رہنما بنایا گیا ہے جبکہ پنجاب اسمبلی میں سعید اکبر اس کی سربراہی کریں گے۔ ہم خیال گروپ نے پنجاب اسمبلی کے رواں اجلاس میں جمعےکے روز پاور شوکا فیصلہ بھی کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔