ٹیکس ہدف حاصل کرنے کیلیے ایک ماہ میں 790ارب درکار

شہباز رانا  منگل 1 جون 2021
 انکم ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے اہداف حاصل کرنے میں ایف بی آر ناکام رہا
 ۔ فوٹو: فائل

 انکم ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے اہداف حاصل کرنے میں ایف بی آر ناکام رہا ۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے رواں مالی سال میں اب تک 41 کھرب 70ارب روپے کا ٹیکس جمع کیا ہے۔

رواں مالی سال کا ٹیکس ہدف حاصل کرنے کے لیے سال کے آخری مہینے ( جون ) میں 790ارب کا ٹیکس جمع کرنا ہوگا جو ناممکن دکھائی دیتا ہے۔ مالی سال 2020-21 کے ابتدائی 9ماہ ( جولائی تا مئی) کے دوران ایف بی آر کا جمع کردہ ٹیکس 17.4 فیصد اضافے سے 41کھرب 70ارب روپے رہا۔

اب سالانہ ٹیکس ہدف حاصل کرنے کے لیے ایک مہینے میں 71  فیصد  شرح نمو سے 790ارب روپے جمع کرنے ہوں گے۔  کووڈ 19کی وجہ سے معاشی سست روی کے پیش نظر آئی ایم ایف نے رواں مالی سال کے لیے ٹیکس کلیکشن کا تخمینہ نظرثانی کے بعد  47کھرب روپے کردیا تھا۔

بعض اہم اشاریے مزید زوال پذیر ہوئے  ہیں جس سے پتا چلتا ہے کہ حکومت یا ٹیکس حکام کا ٹیکس کلیکشن میں کردار بہت محدود ہے۔ مجموعی ٹیکس کلیکشن میں براہ راست ٹیکسوں کا حصہ گذشتہ برس کے 37.2 فیصد سے گر کر 35.3 فیصد ہوگیا ہے۔

ایف بی آر نے  سیلزٹیکس اور کسٹمز ڈیوٹی ہدف سے زائد حاصل مگر ایک بار پھر انکم ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا۔  ایف بی آر نے 11ماہ کے دوران 14کھرب 72ارب روپے کا انکم ٹیکس جمع کیا جو ہدف سے 193 ارب روپے کم رہا۔ ایف بی آر کو کسٹم ڈیوٹی کی مد میں 672 ارب روپے حاصل ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔