راولپنڈی میں خاتون سے بے دردی کے ساتھ پرس چھیننے والا ملزم گرفتار

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 25 جون 2021
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے سامان برآمد کرلیا (فوٹو : راولپنڈی پولیس)

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے سامان برآمد کرلیا (فوٹو : راولپنڈی پولیس)

 راولپنڈی: راولپنڈی میں خاتون ٹیچر سے دن دیہاڑے انتہائی بے دردی کے ساتھ پرس چھیننے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

تھانہ ریس کورس کے علاقے ڈھوک چوہدریاں میں پرس اسنیچنگ کی واردات میں موٹر سائیکل سوار نے راہ چلتی اسکول ٹیچر سے اس بے دردی سے پرس چھینا کہ اسکول ٹیچر گر کر زخمی ہوگئی۔

سنگین واقعہ تھانہ ریس کورس کے علاقے ڈھوک چوہدریاں کشمیر مارکیٹ سے ملحقہ گلی میں پیش آیا ۔ ایکسپریس کو دستیاب ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے گھر سے پیشہ وارانہ امور کی انجام دہی کے لیے نکلنے والی اسکول ٹیچر گلی سے گزر رہی ہے کہ اس دوران فیس ماسک پہنے نامعلوم موٹرسائیکل اس بے دردی سے ٹیچر سے بیگ چھینتاہوا فرار ہوتا ہے کہ ٹیچر گلی میں گرتی ہیں اور زخمی ہوجاتی ہیں ۔

اس دوران چند راہ گیر بھی گلی میں پہنچ کر ٹیچر کی مدد کرتے ہیں جبکہ اسنیچنگ کے دوران ٹیچر کا موبائل وغیرہ بھی گرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔

دریں اثنا ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس نے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، مزاحمت کے دوران ملزم سے گولی چل گئی جو اس کے اپنے ہاتھ میں لگی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم کی فوری گرفتاری کے لیے سی پی او نے پوٹھوہار ڈویژن پولیس کو خصوصی احکامات جاری کیے تھے، گرفتاری کے دوران ملزم انیس اقبال نے پولیس پارٹی سے مزاحمت کی اورپولیس پر فائر کرنے کی کوشش کی، ملزم کو اپنے ہی پسٹل سے دائیں کلائی پر فائر لگا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم انیس اقبال سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے، ملزم سے واردات کے دوران استعمال ہونے والا موٹر سائیکل اور خاتون سے چھینا گیا پرس بھی بر آمد کرلیا گیا ہے، ملزم سے مزید وارداتوں کے انکشاف کی توقع ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔