تحریک انصاف کے 4 امیدواروں کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست

ویب ڈیسک  جمعرات 22 جولائی 2021
 وفاقی وزیر برائے امور گلگت بلتستان اور کشمیر علی امین گنڈا پور نے پابندی کے باوجود جلسے میں شرکت کی، مراسلہ ۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر برائے امور گلگت بلتستان اور کشمیر علی امین گنڈا پور نے پابندی کے باوجود جلسے میں شرکت کی، مراسلہ ۔ فوٹو: فائل

 مظفر آباد: پاکستان تحریک انصاف کے 4 امیدواروں کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی گئی۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر مظفر آباد کی جانب سے الیکشن کمیشن کو بھجوائے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حلقہ ایل اے 29 مظفر آباد 03 میں تحریک انصاف کے نامزد امیدوار خواجہ فاروق نے یونیورسٹی گراؤنڈ میں جلسہ منعقد کروایا جس میں وفاقی وزیر برائے امور گلگت بلتستان اور کشمیر علی امین گنڈا پور نے پابندی کے باوجود خواجہ فاروق، میر عتیق الرحمان، راجہ منصور احمد اور چوہدری شہزاد محمود کے ہمراہ شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں:وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے امیدوار باوجود آگاہی کے حکم الیکشن کمیشن کی عدولی کے مرتکب ہوئے جس کی پاداش میں الیکشن کمیشن ایکٹ 2020 کے تحت ضابطہ کی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے امیدواران تحریک انصاف خواجہ فاروق، میر عتیق الرحمان، راجہ منصور احمد، چوہدری شہزاد محمود کی ناہلی کی تحریک سفارش کی جاتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔