سندھ کو متبادل قیادت فراہم کرینگے، شاہ محمود قریشی

نمائندہ ایکسپریس  اتوار 1 اگست 2021
سیالکوٹ کا ضمنی الیکشن بارش کا پہلا قطرہ ،جیت ابھرتا ہوا ٹرینڈ، پریس کانفرنس۔ فوٹو: فائل

سیالکوٹ کا ضمنی الیکشن بارش کا پہلا قطرہ ،جیت ابھرتا ہوا ٹرینڈ، پریس کانفرنس۔ فوٹو: فائل

ملتان: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے بعد اب اگلا ہدف سندھ ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی واحد قومی جماعت ہے وفاقی کی حامی ہے اورجس کی جڑیں پورے ملک میں پھیلی ہوئی ہیں، گلگت بلتستان کے بعد پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر میں بھی حکومت بنانے جا رہی ہے،تحریک انصاف کو بھرپور مینڈیٹ دینے پر آزاد جموں و کشمیر کے ووٹرز کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں،جموں کشمیر کے بعد اب اگلا ہدف سندھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں سیاسی رابطوں کے حوالے سے وزیراعظم کی سربراہی میں حکمت عملی طے ہوئی ہے،اس حوالے سے سندھ کی اہم شخصیات سے رابطے میں ہیں، ہم سندھ کے لوگوں کو متبادل قیادت فراہم کریں گے، عمران خان کا پیغام اندورن سندھ لوگوں تک پہنچائیں گے، اگر سندھ کے عوام قائل ہو گئے تو سندھ میں خوشگوار تبدیلی نظر آئیگی۔

رضا ہال ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا سیالکوٹ کا ضمنی الیکشن بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوگا، سیالکوٹ میں تحریک انصاف کے امیدوار کی جیت ابھرتا ہوا ٹرینڈ ہے جس کو آگے لے کر جائیں گے۔

(ن) لیگ میں اختلافات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ( ن) لیگ میں دو بیانیے پائے جاتے ہیں، ایک مریم بی بی کا بیانیہ اور دوسرا شہباز شریف کا بیانیہ، شہباز شریف آزاد جموں کشمیر اور سیالکوٹ  کے الیکشن سے لاتعلق رہے، مریم بی بی نے اپنے بیانیے کو پروموٹ کیا۔

شاہ محمود نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے حوالے سے سندھ کی حکومت زمینی حقائق سے پوری طرح آگاہ ہے، مجھے امید ہے کہ سندھ حکومت ایسی حکمت عملی اپنائے گی جو عوام کے مفاد میں ہو،انھوں نے کہا کہ پاکستان سمیت عالمی برادری کومقبوضہ جموں کشمیر میںانسانی حقوق کی خلاف ورزی پر گہری تشویش پائی جاتی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔