متحدہ نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کی تعیناتی کے خلاف درخواست دائر کردی

صوبے بھر میں سیاسی بنیادوں پر ایڈمسنٹریٹر تعینات کیے گئے، درخواست میں مؤقف


کورٹ رپورٹر November 02, 2021
صوبے بھر میں سیاسی بنیادوں پر ایڈمسنٹریٹر تعینات کیے گئے، درخواست میں مؤقف . فوٹو : فائل

ایڈمنسٹریٹرز کے لامحدود اختیارات چیلنج کردیئے گئے، ایم کیو ایم پاکستان نے ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی کی سیاسی تعیناتی کیخلاف درخواست دائر کردی۔

دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ صوبے بھر میں سیاسی بنیادوں پر ایڈمسنٹریٹر تعینات کیے گئے، کراچی میں سیاسی ایڈمنسٹریٹر کو افسران کے تبادلوں کا بھی اختیار دے دیا گیا، سیاسی ایڈمنسٹریٹرز کی نگرانی میں بلدیاتی الیکشن متنازعہ ہوں گے، الیکشن کمیشن ایڈمنسٹریٹرز کے اختیارات کا تعین کرے۔

درخواست دائر کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 27 واضح ہے کسی بھی علاقے کے لوگوں کے ساتھ امتیاز نہیں برتا جائے گا، آئین میں سندھ اربن کا الگ کوٹہ ہے یہاں حق تلفی کی جارہی ہے، سندھ حکومت کوٹے کی خلاف ورزی کرکے بھرتیاں کرتی ہے، سندھ اربن کے کوٹے پر جعلی ڈومیسائل کے ذریعے بھرتیاں کی جاتی ہیں۔

فیصل سبزواری نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم میں آرٹیکل 140 موجود ہے۔ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے غیر جانبدارانہ الیکشن کرائے، سندھ حکومت نے منتخب اداروں کو اختیارات منتقل نہیں کیے، کئی اداروں پر قابض ہے اب تعلیم اور صحت بھی لینا چاہتی ہے، پیپلز پارٹی نے مردم شماری کیخلاف ایک آواز نہیں اٹھائی، الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری پوری کرے، نگراں حکومت کا کام نگرانی کرنا ہوتا ہے، ایڈمنسٹریٹر اہم اداروں کے سربراہوں کو لے کر گھومتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی نگراں حکومت کا یہ کام نہیں ہے، صوبائی ترقیاتی بجٹ ٹھیکیداروں کا بجٹ ہے وہ بتاتے ہیں کیا کام کرنا ہے الیکش کمیشن فوری بلدیاتی انتخابات کرائے۔

خواجہ اظہار نے کہا کہ فوری بلدیاتی انتخابات ضروری ہیں، ایڈمنسٹریٹرز کی حدود کا تعین کیا جائے۔ سیاسی ایڈمنسٹریٹرز کی موجود گی میں شفاف الیکشن ممکن نہیں۔

مقبول خبریں