خواتین وکلاء کی پیشہ ورانہ زندگی اورانہیں درپیش مسائل

سپریم کورٹ میں خواتین ججز کی تعیناتی کا تنازعہ کوئی ڈھکا چھپا معاملہ نہیں


فوزیہ جمیل November 28, 2021
فوٹو : فائل

عدلیہ ریاست کا ایک اہم ترین ستون ہے،جس ریاست میں عدلیہ مضبوط اور انصاف تک رسائی آسان ہو اس میں جرائم پنپ نہیں سکتے اور اگر ہوں بھی تو مجرمان کا بغیر سزا بچ نکلنا ناممکن ہوتا ہے۔ کسی بھی ریاست کا قانون اس کی معاشرتی اور مذہبی اقدار کی بنیاد پر ترتیب دیا جاتا ہے۔

قانون سازی اوراس کے نفاذ کا انحصار ریاستی اداروں پر ہوتا ہے۔ اسی طرح قوانین کے تحت مظلوم کی داد رسی اور مجرم کو سزا کے لئے بھی کئی مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔ حق دار کو حق ملنا اور مظلوم کو انصاف کی فراہمی اس وقت ہی ممکن ہوسکتی ہے جب انصاف کے عمل کے دوران توازن برقرار رہے، یعنی رنگ، نسل، امیر، غریب، قومیت و لسانی تفریق کو پس پشت ڈال کر صرف انصاف کو باقی رکھا جائے۔

پاکستان میں مقننہ اور عدلیہ کا نظام بھی عدل اور مذہبی و معاشرتی اقدار اور عدل کے اصولوں پر قائم ہے، یہاں ہر طبقے کو مساوی حقوق حاصل ہیں، جوکہ ایک اچھے جمہوری ڈھانچے کو ظاہر کرتا ہے۔ پاکستان میں عدل کا ایک مربوط نظام موجود ہے جس میں سول عدالتیں، ماتحت عدلیہ اور اعلیٰ عدلیہ شامل ہیں۔ اعلیٰ عدلیہ میں پانچوں ہائی کورٹس،وفاقی شرعی عدالت اور سپریم کورٹ آف پاکستان شامل ہیں۔ ہر صوبے میں ایک ہائی کورٹ کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی ایک ہائی کورٹ موجود ہے۔

اسی طرح آزاد کشمیر میں الگ عدالتی نظام موجود ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان ایک چیف جسٹس اور سولہ دیگرججوں پر مشتمل ہے، سپریم کورٹ میں مستقل ججز کے علاوہ ایڈہاک ججوں کی تقرری بھی کی جاتی ہے۔ ایڈہاک جج سے مراد وہ تقرری ہے جو صرف مخصوص مدت یا مخصوص کیس کے لیے ایک خاص طریقہ کار کے ذریعے کی جاتی ہے۔ سپریم کورٹ کے معاملات کی نگرانی سپریم جوڈیشل کونسل کرتی ہے۔ سپریم کورٹ کو آئین کی تشریح کے اختیارات حاصل ہیں ، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو اہم آئینی نقطے، عوامی مفاد یا انسانی حقوق کے معاملے پر'ازخود نوٹس' لینے کا اختیار حاصل ہے۔

سندھ بار کونسل کی تشکیل لیگل پریکٹیشنرز اور بار کونسلز ایکٹ 1973 کے سیکشن 3(ii) کے ذریعے کی گئی ہے۔ بار کونسل کی مدت پانچ سال ہے، جو بار کونسل کے عام انتخابات کے بعد یکم جنوری سے شروع ہوتی ہے اور مدت کے اختتام تک کونسل اراکین اپنے عہدوں پر فائزرہتے ہیں۔ سندھ بار کونسل میں رجسٹرڈ وکلاء کی مجموعی تعداد، 40511 ہے، جن میں سے 18350 لوئر کورٹس اور 22161 ہائی کورٹ میں پریکٹس کرتے ہیں، جبکہ صوبہ میں رجسٹرڈ لا فرموں کی مجموعی تعداد 333 ہے۔ سندھ ہائی کورٹ میں ججز کی تعداد 38 جب کہ ان میں سے خواتین صرف دوہی ہیں۔ اسی طرح پاکستان بھر میں اعلٰی عدلیہ کے ججز کی مجموعی تعداد113 ہے جبکہ ان میں صرف 6 ججز خواتین ہیں۔ 2020 میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اور سیشن ججز میں درخواست دینے والے درخواست گزاروں کی کل تعداد 571 تھی جن میں 63خواتین تھیں جن میں سے 40 کو اہل قرار دیا گیا اور 23 کو نا اہل قرار دیا گیا، اسی طرح 454 مرد وکلاء نے درخواست دی جن میں سے ، 219 نا اہل قرار دئیے گئے ، جب کہ 235 اہل قراد پائے۔

سپریم کورٹ میں خواتین ججز کی تعیناتی کا تنازعہ کوئی ڈھکا چھپا معاملہ نہیں، حال ہی میں جسٹس عائشہ ملک کی سپریم کورٹ میں بطور جج تعیناتی سنیارٹی کے معاملے پر ہوتے ہوتے رہ گئی ۔عدالتی نظام میں خواتین وکلاکی کارکردگی، انتھک محنت اور صنفی امتیاز کے واقعات اکثر و بیشتر سامنے آتے رہتے ہیں، اس کی حقیقت کو جاننا ضروری ہے۔ رواں سال مختلف کالجز اور جامعات میں قانون کی تعلیم حاصل کرنے والی خواتین کی تعداد30 فیصدہے، جن میں سے دیہی علاقوں کے کوٹے پر داخلہ لینے والی 20 فیصد خواتین بطور وکیل اپنی پریکٹس جاری ہی نہیں رکھ پاتیں، اس طرح خواتین وکلاء کی تعداد مزید کم ہو جاتی ہے۔ کچھ خواتین لائسنس کے حصول کے مراحل سے بھی گھبرا کر اس پیشے کو اپنانے سے اجتناب کرتی ہیں۔

ہراسگی کا ایک بڑا واقعہ

جج ڈاکٹر ساجدہ احمدنے نومبر 2020 میں چیف جسٹس سپریم کورٹ اور جیف جسٹس ہائی کورٹ کو خط لکھا جس کا متن کچھ یوں تھا '' وکلاء کی جانب سے خواتین ججوں کو گالیاں دینے، ہراساں کرنے اور بدتمیزی کرنے پر ایکشن نہ لیا گیا تو وہ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ، ہیومن رائٹس کمیشن، ویمنز ججز اور انٹرنیشنل بار ایسوسی ایشن آف لائرز میں پاکستان کے شرپسند وکلاء کے کرتوتوں اور ججوں کیخلاف اُن کی بدتمیزیوں کو نمایاں کریں گی، ہم فراہم کردہ مراعات جیسے گاڑی، لیپ ٹاپ اور اضافی تنخواہ کے بدلے اپنی خاندانی عزت کو داؤ پر نہیں لگا سکتے۔ اسلام آباد میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے سے بہتر تھا کہ میں اپنا خاندانی کام کرتی اور پاک زندگی گزارتی ۔اگر اسلام میں خودکشی جائز ہوتی تو عدالت کی عمارت سے کود کر جان دے دیتیں کیونکہ اس پیشے میں وکلاء کی خواتین ججوں کو گندی گالیاں، ہراسگی اور بدتمیزی حد سے بڑھ گئی ہے۔

غیر پیشہ ور وکلاء کیخلاف تعزیراتِ پاکستان کے سیکشن 228 کے تحت اور توہین عدالت کی کارروائی کیوں نہیں کی جارہی؟ آپ سنجیدگی سے مسائل کیوں نہیں حل کرتے یا آپ کو اپنی عدالت سنبھالنا نہیں آتی؟ یہ عظیم و مقدس پیشہ اب کالی بھیڑوں اور غیر پیشہ ورانہ افراد کے حوالے کردیا گیا ہے۔ قانون کی بالادستی کے حصول میں ہم ناکام رہے ہیں اور ہماری اصلیت اُس وقت دنیا نے دیکھی جب وکلاء نے امراضِ قلب کے ہسپتال پر اُس وقت حملہ کیا جب وہاں مریضوں کی جان بچائی جارہی تھی''۔ اس خط کی تحریر اپنے آپ میں وکلاء کے مخصوص گروپ کی نشاندہی کر تی ہے کہ کس طرح کا ماحول عدلتوں سے باہر اور وکلاء کا معیار شعور معلوم ہوتا ہے جو کہ ان کی ذہنی سطح کی نشاندہی بھی کرتی ہے.

ہر شعبے کی طرح عدالتی نظام میں بھی کئی قسم کی پیچیدگیاں اور مسائل ہیں، جن کو اجاگر کرنا بہت ضروری ہے۔ ان میں سے صنفی امتیاز اور ہراسگی کے معاملات زیادہ اہم ہیں، جو کہ مختلف ادوار میں انتہائی نمایاں بھی رہے ہیں، اس کے علاوہ خواتین ججز کی تقرری اور خواتین وکلا ء کے ساتھ امتیازی رویہ شامل ہیں۔ یہ ایک کڑوی حقیقت ہے کہ خواتین کی قانون کے پیشے میں شمولیت کی شرح انتہائی کم ہے، یا یوں کہیں کہ آٹے میں نمک کے برابر ہے۔سپریم کورٹ میں کوئی خاتون جج موجود نہیں، نہ ہی آج تک کسی خاتون جج کو سپریم کورٹ تعینات کیا گیا ہے ۔

وفاقی شرعی عدالت 1980 میں قوانین کی جانچ پڑتال اور اس بات کا تعین کرنے کے لیے قائم کی گئی تھی کہ آیا وہ قرآن و سنت کے احکامات اور اسلامی اقدار کے مطابق ہیں یا نہیں۔ وفاقی شرعی عدالت آٹھ مسلم ججوں پر مشتمل ہے،جنہیں صدر پاکستان جوڈیشل کمیٹی کی سفارشات پر تعینات کرتے ہیں ۔ 8ججوں میں سے3 کا اسلامی اسکالر ہونا ضروری ہے جو اسلامی قوانین اور فقہ پر عبور رکھتے ہوں۔ جج تین سال کی مدت کے لیے مقرر کیے جاتے ہیں۔ سپریم کورٹ کی طرح شریعت کورٹ میں بھی خواتین جج کی تعیناتی آسان نہیں،2013، میں پہلی بار اشرف جہاں کو وفاقی شرعی عدالت کا جج مقرر کیا گیا، جس کے بعد اس تاثر کو تقویت ملی کہ پاکستان میں خواتین کے حوالے سے کسی قسم کا امتیازی سلوک روا نہیں رکھا جاتا اور یہاں کوئی بھی صنفی تضاد موجود نہیں ۔

عالمی درجہ بندی کے ادارے نے پاکستان کو انصاف کی فراہمی میں 128 ممالک میں سے 120 ویں نمبر پر رکھا ہے۔ اس لحاظ سے اگر بہت سے مسائل کا بغور جائزہ لیا جائے تو انصاف کی عدم فراہمی یا فراہمی انصاف میں تاخیر ایک بہت بڑا سوال ہے۔

کسی بھی ادارے میں حق تلفی اس ادارے کے ذمہ داران کی کوتاہیوں کا نتیجہ ہوتی ہے، ہمیں نظم و ضبط قائم کرنے کی ضرورت ہے، خواتین کے ساتھ ہراسگی کے واقعات، صنفی امتیار کی بنا پر سنیارٹی اور تعیناتی کے مسائل، چائلڈ کیر کی عدم دستیابی ، جس کی وجہ سے بیشتر خواتین اپنے سیکھنے کے مراحل اور تربیتی ورک شاپس میں شرکت کے مواقع گنوا بیٹھتی ہیں، کیوں کہ وہاں چھوٹے بچوں کو ساتھ نہیں لے کر جا یا جا سکتا۔

معروف قانون داں اور سابق صدر بار کونسل منیر اے ملک کا کہنا ہے کہ''خواتین کو ہراسگی کا سا منا اسی صورت ہو سکتا ہے ، جب کوئی خاتون خود اسپیس دے ورنہ ایسی کوئی شکایت آئے تو اس پر بہت سخت کارروائی ہوتی ہے، خواتین کے لیے لیگل باڈیز ہوتی ہیں، جہاں ڈسپلینیری ایکشن کے تحت کارروائی ہوتی ہے۔''

اسی حوالے سے ایڈوو کیٹ ثروت اسرار نے وضاحت کی کہ ''کورٹ سے باہر ہراسگی اور شدید قسم کے واقعات بھی ہوتے ہیں، مگر اتنے زیادہ نہیں ہوتے۔ خواتین کے ساتھ جب بھی کوئی غلط قسم کا واقعہ ہوا تو بار کونسل کے تمام ارکان نے بہت اچھا کردار ادا کیا ہے۔ بہت سے ہائی پروفائل کیسز میں اکثر ایسا ہو جاتا ہے، مگر یہ دیکھا گیا ہے کہ جتنی بھی خواتین کے ساتھ ہوا ، ان کی زیادہ تر تعداد ڈٹ کر کھڑے ہونے والوں میں سے ہے، جنہوں نے حالات کا سامنا کیا اورثابت قدم رہیں''۔ وہ کہتی ہیں کہ ان کے ساتھ بھی ہراسگی کا واقعہ ہوا ،مگر اس کی شدت اتنی نہیں تھی اور انہوں نے اسے ہینڈل کیا ''

سیدہ سیما رفیق ایس ایم لاء کالج سے گریجویٹ ہیں اور 10 سال سے زائد عرصے سے کام کر رہی ہیں ،صنفی امتیار کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ایک خاتون ہونے کے ناطے پاکستان میں کوئی بھی پیشہ شروع کرنا بہت مشکل ہے۔ ہمارا معاشرے پر مردانہ غلبہ ہے۔ خاص طور پر قانون کا پیشہ آسان نہیں، انٹرن شپ کے وقت زیادہ تر سینئرتنخواہ نہیں دیتے نہ ہی خواتین کو عزت دی جاتی ہے، انٹرن شپ کے دوران، بیشتر وقت خواتین کو ایک سائیڈ پر رکھتا جاتا ہے، باکس سے باہر نکلنے کا موقع ہی نہیں دیا جاتا ۔

ہراسگی کے حوالے سے ان کہنا ہے کہ '' میں سب سے زیادہ پریشان تب ہوئی جب سید ضیاء عالم ایڈووکیٹ کو 2011 میں قتل کر دیا گیا، یہ دور میرے لیے بہت مشکل تھا ۔ مجھے دھمکیاں مل رہی تھیں اور ایک خاتون وکیل کے لئے زندہ رہنا مشکل ہو گیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد میں نے اپنا کیریئر چھوڑ دیا اور گھر پر رہنے لگی ''

ایڈووکیٹ وحید حسین ہراسگی کے بارے میں کہتے ہیں کہ " میں نے نہیں دیکھا ، مجھے نہیں یاد کہ ایسا ہوا ہو ، بہت کم ہوتا ہے، اب تو اتنے زیادہ ذرائع آگئے ہیں ان سب چیزوں کو دیکھنے کے لیے فوراً ہی سچ جھوٹ کا پتا چل جاتا ہے۔

منیر اے ملک کہتے ہیں کہ'' بار خواتین کے لیے بہت اچھی جگہ ہے، اچھے اچھے خاندانوں کی خواتین یہاں پریکٹس کر رہی ہیں ، جو قابل بھی ہیں اور محنت کرنے والی بھی" انہوں نے مزید بتایا کہ قا بلیت ہو تو کوئی بھی آگے بڑھ سکتا ہے، یہاں سنیارٹی کے کافی ایشوز ہوتے ہیں ، سنیارٹی کا قانون بہت سخت ہے، جس پر عمل کیا جاتا ہے۔ اس شعبے میں خواتین بہت کم ہوتی ہیں جو بہت زیادہ بھاگ دوڑ کرنے والی ہوں۔

ایڈووکیٹ ثروت ا سرار کا کہنا ہے کہ آج بھی بہتری کی بہت ضرورت ہے۔ جھوٹ بول کر کہ سب کچھ بہتر ہے، ایسا نہیں آج بھی حالات ویسے ہی ہیں جتنا 26 سال پہلے تھے، لیکن فرق صرف اتنا ہے کہ اب لوگ بولنے لگے ہیں، آپ کا ساتھ دینے اور آپ کے ساتھ کھڑے ہونے لگے ہیں۔ بس آپ کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ آپ نے خود کو کیسے رکھنا ہے، اپنی حدود کا تعین کرلیں ، نہ کسی کو اس کے اندر آنے دیں نہ ہی خود اس سے باہر جائیں۔ صنفی امتیاز کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ خود پر ترس کھانا بند کردیں کہ آپ خاتون ہیں ، اس پیغام کے ساتھ انہوں نے کہا کہ '' خواتین کے اس شعبے میں آنے اور آگے بڑھنے کے طریقے کو صرف محنت سے نتھی کیا جانا چاہیے، کیوں کہ صنفی تضاد اور غیر روایتی رویوں کا مقابلہ صرف محنت سے ہی کیا جاسکتا ہے، ورنہ آپ گم ہوجاؤ گے''۔

اسی حوالے سے ایڈووکیٹ سیما رفیق کہتی ہیں کہ " خواتین کو جج منتخب کرنے کے معاملے میں کسی قسم کاامتیازی سلوک یا مردوں کی طرف سے غلط رویوں کے ہونے کی حامی نہیں۔ لائسنس کے حصول کے عمل کو انہوں نے دوسرے وکلاء کی طرح امتحانات اور ٹیسٹ کی قابلیت سے ہی منسلک کیا اور کہا کہ اس میں وقت کے ساتھ ساتھ بہتری آئی ہے"۔

ایڈووکیٹ وحید حسین کہتے ہیں کہ بار کا ماحول خود اس خاتون پر منحصر ہے کہ وہ کس طرح لوگوں کو، کلائنٹ کو اسپیس دیتی ہے، کیونکہ کلائنٹ سے وکیل کے معاملات اس کے اپنے ہی بنائے ہوئے ہوتے ہیں، جس طرح سے وہ اسے بنائے گی، اس کو اسی طرح کے حالات کا سامنا ہوگا۔

یہ حقیقت بہت کڑوی ہے کہ صنفی امتیاز ، ہراسگی یا نفرت انگیر زبان کا استعمال ہو، عموماً ان معاملات میں ٹھو س ثبوت نہیں مل سکتے ، جب تک اس پر آواز نہ اٹھائی جا ئے، کہیں بھی کسی ادارے میں کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی۔ ہراسگی کی طرح صنفی ا متیاز کی بھی کئی اقسام ہیں۔ ایڈووکیٹ ثروت اسرار کا کہنا ہےکہ '' خواتین کے ساتھ جب بھی کوئی غلط قسم کا واقعہ ہوا تو بار کے تمام ارکان نے بہت اچھا کردار ادا کیا ۔ بہت سے ہائی پروفائل کیسز میں اکثر ایسا ہو جاتا ہے، مگر یہ دیکھا گیا ہے کہ جتنی بھی خواتین کے ساتھ ہوا ان میں سے زیادہ تر ڈٹ کر کھڑے ہونے والی تھیں ، جنہوں نے حالات کا سامنا کیا اور ثابت قدم رہیں''

ایڈووکیٹ سیما رفیق کے نزدیک بار میں صنفی امتیاز نہیں، وہاں لوگ ساتھ دیتے ہیں، وہاں کا ماحول اچھا اور ہر کسی کے لیے بہتر ہے۔ ایڈووکیٹ وحید حسین کہتے ہیں کہ جو محنت کرتا ہے وہ آگے بڑھتا ہے۔ یہ کہنا کہ یہاں خواتین کو پیچھے کیا جاتا ہے، یہ غلط تصور ہے۔اب تو بار میں اچھی خاصی تعداد خواتین وکلاء کی موجود ہے۔ اس پیشے میں اگر 60 مرد ہیں تو 40 کے قریب خواتین ہیں، لیکن یہ اس پر منحصر ہے کہ ان کی کار کردگی کیسی ہے؟سرکاری پراسیکیوشن ،فیملی کورٹ میں خواتین زیادہ ہیں۔

جسٹس اشرف جہاں پہلے ڈسٹرکٹ جج تھیں، پھر ہائی کورٹ میں بطور جج تعینات ہوئیں، اس کے بعد فیڈرل شریعت کورٹ کی بھی جج رہیں، ان سے پہلے یہ تصور تھا کہ خاتون شریعت کورٹ کی جج نہین بن سکتی، لیکن پھر انہیں فیڈرل شریعت کورٹ کا جج مقرر کردیا گیا۔ ان کے علاوہ کوثر سلطانہ کو سنیا رٹی دیکھ کر ڈسٹرکٹ کورٹ میں مقرر کیا گیا ، راشدہ اسد ڈ سٹرکٹ جج سینٹرل تھیں ان کو بھی ہائی کورٹ میں مقرر کیا گیا ۔

ایڈو کیٹ ثروت اسرار



ایڈوکیٹ سیما رفیق



ایڈوکیٹ وحید حسین



ایڈوکیٹ منیر اے ملک



بیرسٹر عائشہ اقبال الف سے انسانیت کی بانی ہیں ، ایک غیر منافع بخش تنظیم جو پاکستان کی پسماندہ کمیونٹیز کے لیے انصاف تک رسائی کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ ضرورت مندوں کی تعلیم پرکام کر رہی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ پاکستان میں خواتین کیلئے قانون کی تعلیم حاصل کرنے اور قانون بطور پیشہ اختیار کرنے کی حوصلہ شکنی کی جاتی ہے، کیونکہ اسے صرف ایک مرد کے زیر تسلط پیشے کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ پچھلی دہائیوں میں خواتین کو نا اہل سمجھنے کا اس سے زیادہ دقیانوسی تصور موجود تھا ۔

ایڈووکیٹ عثمان غنی وکلاء اور ان کے کردار کے حوالے سے کہتے ہیں کہ''بعض وکلاء کے رویے میں بھی خرابی ہے، ایک واقعہ ہوا، ایک خاتون وکیل کی ایک خاتون پولیس اہلکارسے کسی بات پربحث شروع ہوگئی، خاتون اہلکار نے وکیل خاتون کوگرفتار کرنے کی دھمکی دی تو خاتون وکیل نے اسےتھپڑ جڑدیا اور کہا تم مجھے گرفتار کر کے دکھاؤ۔ اس واقعے سےخاتون وکیل کی تعلیم، وکلاء کی اہلیت، قابلیت، سمجھداری اور شعور پر سوال اٹھتا ہے''۔

صنفی امتیاز پر ان کا کہنا ہے کہ'' بار میں جنس کی بنیاد پر امتیاز رکھا جاتاہے ، پڑھی لکھی، با اختیار خاتون ہمارے مرد کو ہضم ہی نہیں''، اسی طرح بار ایسو سی ایشن کے انتخابات میں خواتین کو نمائندگی بہت کم ملتی ہے، ان کو مرد ووٹ نہیں دیتے، کیونکہ مردوں نے ایک بات طے کررکھی ہے کہ خاتون کیا کر سکتی ہے؟''

ان کا کہنا ہے کہ ہراسگی کے واقعات کی شکایت کے لیے ہماری لیگل باڈیز موجود ہیں ، وہ بڑی سخت اورڈسپلینیری ایکشن لیتی ہیں ۔ ''ایک کیس میں خاتون وکیل خدیجہ صدیقی جنہیں ان کے ہم جماعت ملزم شاہ حسین نے 25 ، چھبیس چاقو کے وار کیے تھے اس کیس میں وکیل حضرات مرد تھے جنہوں نے شاہ حسین کی پشت پناہی کی، لڑکے کا باپ خود بھی ہائی کورٹ کا ایک بڑا وکیل تھا سپریم کورٹ کے وکیل اس کے ساتھ کھڑے ہو گئے اس بیچاری معصوم لڑکی کو عدالتوں نےیہ انصاف دیا کہ سات سال کی سزا کو وہ شخص محض دو سا ل میں کاٹ کر واپس آگیا کیوں کہ اس کے پیچھے بڑے پیمانے پر مرد وکیلوں کی پشت پناہی حاصل تھی وہ اب پاکستان چھوڑ کرلندن چلی گئی ''

تفصیل کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے پہلے اس کی سزا پانچ سال کی اور پھر اسے دوسال میں ہی رہا کردیاا، اس پر سپریم کورٹ نے سیشن کورٹ کے اس حکم کو کالعدم قرار دیا اور دوبارہ گرفتار ی کا حکم دیا ، اس طرح کے کئی کیسز موجود ہیں جو میڈیا میں رپورٹ نہیں ہوتے ان کیسز کو کس طرح کی تقسیم میں رکھا جائے یہ کہنا مشکل ہے ۔

صنفی امتیاز کے حوالے سے ایڈوکیٹ عثمان غنی کہتے ہیں کہ ' 'خاتون ہوتی ہی نالائق ہے ہمارے مردوں کے نزدیک''

بیرسٹرعائشہ اقبال



ایڈوکیٹ ثوبیہ یوسف



ایڈوو کیٹ ثوبیہ یوسف ہائی کورٹ میں پریکسٹس کرتی ہیں، وہ کہتی ہیں کہ خواتین کے لیے یہ شعبہ بہت اچھا ہے، یہاں خود کو منوانا پڑتا ہے ، ہاں پریشانیاں بھی ہیں اور مشکلات کا سامنا بھی پڑتا ہے، کیوں کہ یہ ایسا ہی پیشہ ہےجس میں آرام سے نہیں، اب جو بھی خواتین وکلاء آرہی ہیں، ان میں قابلیت بھی ہے۔ اس کی بڑی وجہ اب وکالت کے لائسنس کے لیے ہونے والے ٹیسٹ ہیں کہ صرف قابل لوگ ہی اس معیار پر پورا اترتے ہیں، جنہیں آگے فیلڈ میں کچھ کرنا ہوتا ہے''،لیکن اگر کوئی خاتوں خود اپنے آپ کو بیلنس نہ کرپائےتو پھر معاملہ خراب ہوجاتا ہے۔

وکالت ایک ایسا پیشہ ہے جس کا براہ راست تعلق معاشرے اور سسٹم سے ہے۔ خواتین کے حقو ق کی جدوجہد دنیا میں جاری ہے اور نہ جانے کب تک جاری رہے گی۔ جسٹس ناصرہ اقبال کا کہنا ہے کہ انہیں کورٹ روم میں یہ تک کہا گیا کہ آپ یہاں کیا کر رہی ہیں، اس عمر میں گھر جائیں آرام کریں ۔ جسٹس ماجدہ رضوی نے بھی اپنے ایک انٹر ویو میں اس بات کی نشاندہی کی تھی کہ انہیں کئی بار سنیارٹی میں محض عورت ہونے کی وجہ سے پیچھے رکھا گیا ، لیکن جب شہید بے نظیر بھٹو کی حکومت آئی تو انہوں نے سنیارٹی کے تحت خواتین ججز کو آگے بڑھایا۔ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ عدالتی نظام میں فوری اور بڑے پیمانے پر اصلاحات کی ضرورت ہے، جس میں کمزور، بے بس اور مظلوم کو انصاف اور اس کا حق فوری مل سکے۔

جج ڈاکٹر ساجدہ احمد ہوں، ایڈوکیٹ سیما رفیق ہوں، چیف جسٹس ناصرہ اقبال ہوں ، ایڈوکیٹ خدیجہ ہوں یا ابھی نزدیکی ایک وکیل ایڈوکیٹ حسنین جنہوں نے دھوکہ دہی کے ساتھ اپنی سابقہ بیوی کو اپنے دیگر وکلاء کے ساتھ ذدوکوب ، والا معاملہ ہو۔ خواتین پولیس آفیسر کے ساتھ ناروا سلوک ، کورٹ میں موجود محترم جج کی کرسی پر بیٹھی خاتون جج کے ساتھ سینئیر مرد ججز کی لسانی بد تہذیبی اور اخلا قیات سے گرے ہوئے جنسی ہراسگی کا مسئلہ ہو، تمام مسئلوں میں سب سے زیادہ جس چیز کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے وہ ہے، اخلاقیات اور انصاف کی عدم دستیابی۔ بہترین معاشرے کے لیے بہترین ذہن اور تعمیراتی سوچ ہوبا بہت ضروری ہے۔

جس حقارت زدہ لہجے اور صنفی امتیاز کو فوقیت دینے کا عمل ہی ہمیں اس حقیقت سے آشکار کرتا ہے کہ اگر ذہن بیمار اور تعلیم کے با وجود با شعور نا بن سکے تو بلا شبہ وہاں نا انصافی، ظلم، جبر اور ہراسگی سے بھر پور مسائل کا شکار ہونا کوئی حیرت کی بات نہیں حیرت تو صرف اس بات کی ہے کہ عدلیہ جیسے ادارے میں جہاں عام عوام کو انصاف ملنے کی امید ہو وہاں اگر ایک وکیل جسے اس کے صنف کی وجہ سے اس حد تک ہراساں کیا جائے کہ وہ خود کشی کا راستہ اپنے یا اپنے مسکن کو خیر باد کہہ دے تو عام عوام خاص طور پر عام خاتون کو کتنی مشکلات کا سامنا رہتا ہوگا۔

عدلیہ میں جس طرح اوپرکیے گئے تبصرے میں مردو خواتین کے اظہار رائے سے ا اس بات کا اندازہ بھی ہو جاتا ہے کہ اچھے برے افراد ہر جگہ موجود ہوتے ہیں ، لیکن اگر وہ افراد کسی ایسے عہدے پر فائز ہوں جس کی وجہ سے وہاں پر کام کرنے والا ایک مخصوص طبقہ بد حالی کا شکار ہو رہا ہو، مسائل کا سامنا کر رہا ہو تو ایسے عناصر کے خلاف عدلیہ کو سخت قدم اٹھانے کی ضرورت ہے، اور صاف و شفاف قانونی چارہ کرنے کی ضرورت ہے تا کہ وہ قانون کے شکنجے سے بچ نا سکیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں