سعودی عرب نے پاکستان سے براہ راست پروازوں پر پابندی ختم کردی

ویب ڈیسک  بدھ 1 دسمبر 2021
مسافروں کو پانچ دن کا قرنطینہ کرنا ہوگا، فوٹو: فائل

مسافروں کو پانچ دن کا قرنطینہ کرنا ہوگا، فوٹو: فائل

ریاض: سعودی عرب نے پاکستان سمیت 6 ممالک کی براہ راست پروازوں پر عائد پابندی کو ختم کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب نے  کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عائد کی گئی سفری پابندیوں میں مزید نرمی کرتے ہوئے پاکستان، مصر، انڈونیشیا، بھارت، برازیل اور ویتنام سے پروازوں کو براہ راست آنے کی اجازت دیدی ہے۔

قبل ازیں ان ممالک سے آنے والوں کو کسی دوسرے ملک میں 14 دن قرنطینہ کرنا ہوتا تھا جس کے بعد پرواز کو سعودی عرب آنے کی اجازت تھی۔

تاہم اب ان ممالک سے آنے والے مسافروں کو صرف  PCR منفی ٹیسٹ پیش کرنا اور اپنی پرواز کے روانہ ہونے سے 72 گھنٹے قبل Qdoom پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ ہونا لازمی ہوگا۔

سعودی عرب پہنچنے کے بعد ان مسافروں کو 5 دنوں کے لیے ادارہ جاتی قرنطینہ کرنا ہوگا جب کہ قرنطینہ کے پہلے اور آخری دن کورونا ٹیسٹ کرانا ہوگا جو منفی آیا تو قرنطینہ ختم کیا جا سکے گا۔

اگرچہ سعودی عرب نے کچھ مقامات سے سفر میں آسانی پیدا کر دی ہے لیکن جنوبی افریقا میں سامنے آنے والے کورونا کے نئے ویرینٹ اومی کرون کا ایک کیس سامنے کے بعد کچھ افریقی ممالک پر سفری پابندیاں لاگو کی گئی ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔