ایران کی اسرائیل کو سنگین نتائج کی دھمکی، فوجی مشقوں میں 16 بیلسٹک میزائل فائر

ویب ڈیسک  جمعـء 24 دسمبر 2021
 ایران نے حال ہی میں خلیج فارس کے ساحل پر زیرزمین میزائل اڈے کا افتتاح کیا تھا—فوٹو: اے ایف پی

ایران نے حال ہی میں خلیج فارس کے ساحل پر زیرزمین میزائل اڈے کا افتتاح کیا تھا—فوٹو: اے ایف پی

تہران: ایران نے پانچ روزہ فوجی مشقوں کے اختتام پر متعدد بیلسٹک میزائل فائر کیے ہیں جن کے بارے میں فوجی جرنیلوں نے کہا کہ یہ اسرائیل کے لیے ایک انتباہ ہے۔

ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا کہ یہ مشقیں صیہونی حکومت کی جانب سے حالیہ دنوں میں دی جانے والی دھمکیوں کا جواب دینے کے لیے تیار کی گئی تھیں۔

مزیدپڑھیں: ایران پر حملے کی تیاری پر امریکا کو بھی اعتماد میں لیا ہے، اسرائیل

انہوں نے کہا کہ 16 میزائلوں نے منتخب ہدف کو نشانہ بنایا اور اسے تباہ کر دیا اور اس مشق میں ہزاروں میزائل میں چند منظر عام پر لائے گئے اور یہ ایران پر حملہ کرنے کی جرات کرنے والے ملک کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ایران نے فوجی مشق کو ’عظیم پیغمبر‘ کا نام دیا جو بوشہر، ہرمزگان اور خوزستان صوبوں میں شروع ہوئیں۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی نے کہا کہ فوجی مشقیں صیہونی حکومت کے لیے ایک سنگین انتباہ ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ’ذرا سی غلطی ہوئی تو ہم ان کے ہاتھ کاٹ دیں گے‘۔

یہ خبر پڑھیں : اسرائیل کا ایران کے جوہری تنصیبات پر حملے کیلیے فضائی مشقوں کا آغاز 

یہ مشقیں ایسے وقت پر منعقد کی گئی جب امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے اسرائیلی وزیر اعظم سے ملاقات کی جبکہ تل ابیب نے 2015 کے ایران جوہری معاہدے کی کو بحال کرنے کی کوششوں کی شدید مخالفت کی ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم نے ایران کو ’جوہری بلیک میل‘ قرار دیا اور کہا کہ پابندی اٹھائے جانے کے بعد تہران کو ہتھیار بنانے میں مدد ملے گی جو تل ابیب کے لیے خطرناک ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔