طالبان سے فائرنگ کے تبادلے میں 8 افغان مزاحمت کار ہلاک

ویب ڈیسک  ہفتہ 22 جنوری 2022
این آر ایف کی قیادت طالبان مخالف کمانڈر احمد شاہ مسعود کے بیٹے کر رہے ہیں۔—فائل فوٹو

این آر ایف کی قیادت طالبان مخالف کمانڈر احمد شاہ مسعود کے بیٹے کر رہے ہیں۔—فائل فوٹو

کابل: طالبان نے افغانستان کے شمال میں ایک جھڑپ میں قومی اپوزیشن گروپ کے 8 مزاحمتی جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق پولیس کے مطابق طالبان اور نیشنل ریزسٹنس فرنٹ (این آر ایف) کے جنگجو کے مابین صوبہ بلخ میں لڑائی ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ این آر ایف کی قیادت طالبان مخالف کمانڈر احمد شاہ مسعود کے بیٹے کر رہے ہیں۔

صوبائی پولیس کے ترجمان آصف وزیری نے ایک آڈیو پیغام میں صحافیوں کو بتایا کہ این آر ایف کے 8 جنگجو طالبان کے ساتھ ’براہ راست جھڑپ‘ میں مارے گئے۔

مزید پڑھیں: سرحدی جھڑپ میں ایران کے 9سرحدی گارڈز ہلاک ہوئے،طالبان

انہوں نے بتایا کہ طالبان فورسز نے این آر ایف کے جنگجوؤں سے گولہ بارود اور مشین گنیں بھی قبضے میں لے لیں۔ این آر ایف کے ترجمان نے تاحال تبصرہ کرنے کی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا۔

یہ لڑائی طالبان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی کی تہران میں احمد شاہ مسعود کے بیٹے احمد مسعود کے ساتھ بات چیت کے دو ہفتے سے بھی کم وقت کے بعد ہوئی ہے۔

اس سربراہی اجلاس کے بعد مزاحمتی دھڑے کے ایک اہلکار نے کہا تھا کہ این آر ایف اور طالبان ’الگ الگ صفحات‘ پر ہیں اور مفاہمت کا کوئی امکان نہیں ہے۔

این آر ایف فورسز نے گزشتہ برس طالبان کے قبضے کے خلاف آخری جنگ لڑی اور وادی پنجشیر کی طرف پسپائی اختیار کی جو کہ ستمبر میں حکومتی دستوں کے ہتھیار ڈالنے کے ہفتوں بعد گر گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔