پی پی 167 ضمنی انتخابی مہم کے دوران ن لیگ اور پی ٹی آئی میں مسلح تصادم مقدمہ درج

چیف الیکشن کمشنر نے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی جبکہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر نے امیدواران کو نوٹس جاری کردیے


ویب ڈیسک June 19, 2022
فوٹو فائل

کراچی: لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں پی پی 167 ضمنی انتخابی مہم کے دوران مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان ہونے والے مسلح تصادم کا مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ چیف الیکشن کمشنت نے بھی فائرنگ کا نوٹس لے لیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 167 جوہر ٹاؤن میں ن لیگی اور پی ٹی آئی کارکنوں میں مسلح تصادم کا مقدمہ اے ایس آئی امین کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس کے متن میں لکھا گیا ہے کہ ہنگامہ آرائی کی اطلاع پر موقع پر پہنچے تو ملزمان فائرنگ کر کے فرار ہو چکے تھے۔

ایف آئی آر کے مطابق پولیس نے موقع سے 12 گولیوں کے خول برآمد کر کے تحقیقات شروع کردیں۔

'ایف آئی آر میں حقائق چھپانے کی کوشش کی'

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پولیس نے ایف آئی آر میں حقائق چھپانے کی کوشش کی ہے کیونکہ اس میں زخمیوں کا ذکر نہیں کیا گیا اور فائرنگ کرنے والے ملزمان کی فوٹیج موجود ہونے کے باوجود نامعلوم افراد پر مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے دونوں فریقین شبیر گجر اور نزیر چوہان کی بجائے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کیا۔

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے حلقہ صوبائی اسمبلی PP-167 لاہور میں دو امیدواران کے گروپوں کے درمیان فائرنگ اور تشدد کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان کو ہدایت دی کہ وہ آئی جی پنجاب سے رابطہ کریں اور کسی سیاسی وابستگی کو ملحوظ خاطر رکھے بغیر آئی جی پنجاب واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ آئی جی پنجاب کو واقعے کی شفاف انکوائری کروا کر رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیشں کریں، انتخاب کے دنوں میں آئی جی پنجاب اور انتظامیہ گن کلچر، تشدد اور تخریب کار عناصر سے سختی سے نمٹے اور کسی کے ساتھ نرمی نہ کرتے ہوئے زیر ٹالیرنس پالیسی برقرار رکھے۔ چیف الیکشن کمشنر نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کا حکم بھی دیا۔



اُدھر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر PP-167لاہور نے فائرنگ کے واقع پر پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے امیدواران کو نوٹس جاری کیے اور مزید کارروائی شروع کردی۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے امیدواران شبیر گجر اور نذیرچوہان کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور اسلحے کے استعمال پر 20جون کو ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کے سامنے پیش ہونے کے احکامات جاری کیے۔

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا کہ تشدد اور فائرنگ کے واقعے کی فوری اور غیر جانبدارانہ کاروائی کو یقینی بنایا جائیگا۔

مسلم لیگ (ن) کے 6 اور پی ٹی آئی کے 10 کارکنان گرفتار

ڈی آئی جی آپریشنز سہیل چوہدری کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے 6 اور پی ٹی آئی کے 10 کارکنوں کو حراست میں لے کیا گیا، حراست میں لیے گئے 16 افراد جوہر ٹاؤن مقدمے میں مطلوب تھے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے درمیان گزشتہ روز انتخابی مہم کے دوران تصادم ہوا تھا، اور ہنگامہ آرائی کا مقدمہ تھانہ جوہر ٹاؤن میں پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

سہیل چوہدری نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کروایا جائے گا۔

مقبول خبریں