دعا زہرا کی عمر کے تعین کے لیے میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے دعا زہرا کی عمر کے تعین کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دے دیا


کورٹ رپورٹر June 25, 2022
دعا اور ظہیر کی پب جی کے ذریعے دوستی ہوئی تھی، وہیں نکاح کی بات ہوئی تھی، تفتیشی افسر

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے دعا زہرا کے مبینہ اغوا کے مقدمے میں عمر کے تعین کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دے دیا جب کہ تفتیشی افسر نے دعا زہرا کے شوہر ظہیر کو بے گناہ قرار دے دیا۔

کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت کے روبرو دعا زہرا کے مبینہ اغوا کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ دعا زہرا کے والد مہدی کاظمی ان کے وکیل، سرکاری وکیل اور تفتیشی افسر پیش ہوئے۔ مدعی کے وکیل نے موقف دیا کہ ملزم ظہیر نے اپنے بیان کہا ہے کہ 3 سال سے میرے رابطے میں تھی۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ لڑکے ظہیر نے اپنے پورے بیان میں کہا ہے کہ لڑکی میرے پاس آئی ہے۔ مدعی کے وکیل نے موقف دیا کہ لڑکی کی عمر کے تعین کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کیس کی مزید تحقیقات اور میڈیکل بورڈ کی تشکیل کا حکم دے دیتے ہیں، عمر کے تعین کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کے لیے سیکریٹری صحت کو لکھیں گے۔

عدالت نے کہا کہ سیکریٹری صحت میڈیکل بورڈ سے متعلق عدالت کو بھی آگاہ کریں، بچی کو یہاں لے کر آئیں یا وہاں میڈیکل کرائیں یہ پراسکیوشن کا مسئلہ ہے۔

 

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے دعا زہرا کیس خارج کردیا، والد کو مناسب فورم سے رجوع کا حکم

تفتیشی افسر نے کہا کہ ہم نے قانون کے مطابق کام کیا ہے، عدالت نے تفتیشی افسر سے مکالمے میں کہا کہ ہم سی کلاس کی بات نہیں کررہے صرف عمر کے تعین کے میڈیکل بورڈ بنا رہے ہیں جس پر عدالت نے کیس میں مزید تفتیش کا حکم دے دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ سیکریٹری صحت میڈیکل بورڈ بنا کر دعا زہرا کی عمر کا تعین کریں۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے تفیتیشی افسر ڈی ایس پی شوکت شاہانی نے کہا کہ ظہیر پر اغوا کا مقدمہ نہیں بنتا، ظہیر کو ہم نے حفاظتی تحویل میں لیا، لڑکی بیان کے بعد ظہیر پر اغوا مقدمہ نہیں بنتا، ہم نے کیس میں ہر پہلو پر تفتیش کی ہے، لڑکی اپنی مرضی سے گئی ہے، سپریم کورٹ کے حکم کی کاپی سامنے آنے بعد مزید جائزہ لیا جائے گا، دعا زہرا اور ظہیر کی پب جی کے ذریعے دوستی ہوئی تھی وہیں نکاح کی بات ہوئی تھی، کیس بنتا ہی نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں