ایف آئی اے کی کارروائی؛ پاک فوج کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے والے ملزمان گرفتار

ویب ڈیسک  بدھ 14 ستمبر 2022

 پشاور: وفاقی تحقیقات ادارے (ایف آئی اے) نے پاک فوج کے خلاف توہین آمیز پوسٹس چلانے والے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائم سرکل نے ملکی سیکیورٹی اداروں کے خلاف منفی پروپیگینڈا کرنے والوں کو دھر لیا۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ سائبر کرائم سرکل نے کارروائی کے دوران ملزمان کو ہری پور، بٹگرام اور حویلیاں سے گرفتار کیا، جن میں وقاص خان جدون، محمد نواز اور نوید شاہ شامل ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان پاک فوج کی اعلیٰ عسکری قیادت کے خلاف سوشل میڈیا پر توہین آمیز ریمارکس اپ لوڈ کرنے میں ملوث تھے،  جنہوں نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران سوشل میڈیا اکاونٹس بنائے۔

ایف آئی اے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت 3 مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔