سرٹیفائید چور کو اسلام آباد میں داخل نہیں ہونے دیں گے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  ہفتہ 22 اکتوبر 2022
کل خوش قسمت دن تھا کہ اللہ تعالی نے ہمیں دو خوش خبریاں دیں، شہباز شریف (فوٹو:فائل)

کل خوش قسمت دن تھا کہ اللہ تعالی نے ہمیں دو خوش خبریاں دیں، شہباز شریف (فوٹو:فائل)

 لاہور: وزیراعظم شبہاز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں گے، کسی سرٹیفائیڈ چور کو اسلام آباد میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ  کل خوش قسمت دن تھا کہ اللہ تعالی نے ہمیں دو خوش خبریاں دیں، جب سے پاکستان گرے لسٹ میں آیا تھا ہماری معاشی صورتحال کو کاروباری حضرات کو مشکل پیش آتی تھی، پاکستان فیٹف (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے نکلا ہے، پوری قوم کو مبارک باد کہ یہ میری کامیابی نہیں پوری قوم کی اجتماعی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے انتہائی ذمہ داری کے ساتھ اس معاملے کو کامیابی تک پہنچانے کے لیے بہت اہم کردار ادا کیا، گرے لسٹ سے نکلنے پر مسائل سے نجات ملے گی، پاکستان کے گرے لسٹ میں آنے سے معاشی مشکلات کم ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ گرے لسٹ کی وجہ سے سرمایہ کاروں اور تجارت کو نقصان پہنچا،فیٹف میں عمران خان نے قانون سازی پر کوئی کردار ادا نہیں کیا، کل خوش قسمت دن تھا جس دن پاکستان گرے لسٹ سے نکلا اور عمران خان جھوٹا ثابت ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان نے دوست ممالک سے ملنے والے تحفے بیچ دیے، عمران خان نے تحفے بیچ کر پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی کرائی، دکان داروں نے سعودی حکومت کو کہا کہ کہیں گھڑی چوری تو نہیں ہوگئی؟ مجھے گھڑی ملی ہے میں نے یہ گھڑی وزیراعظم ہاؤس میں رکھی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عمران نیازی بات جمہوریت کی کرتا ہے اور سوچ ڈکٹیٹر کی رکھتا ہے، ہم سرٹیفائیڈ چور کو اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے، اگر لانگ مارچ ہوا تو قانون اپنا راستہ خود اپنائے گا۔

’الیکشن میں گیارہ مہینے باقی ہیں‘

شہباز شریف نے واضح کیا کہ عام انتخابات ابھی 11 مہینے دور ہیں، معیشت کی بہتر کے بغیر الیکشن میں جانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

’آرمی چیف کی تقرری کا معاملہ حکومت کا آئینی اختیار ہے‘

وزیراعظم نے مزید کہا کہ آرمی چیف کی تقرری ایک آئینی معاملہ ہے اور یہ حکومت کا آئینی اختیار ہے، اس حوالے سے جو نام سامنے آئیں گے اُسی کی روشنی میں حکومت کسی ایک کو پاک فوج کا سربراہ بنانے کا فیصلہ کرے گی‘۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔