موٹر سائیکل پارکنگ 10 روپے اور کار کی پارکنگ فیس 30 روپے ہے کے ایم سی

غیرقانونی پارکنگ فیس وصولی کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں کے ایم سی کے جواب پر فریقین کو دلائل کی تیاری کرنےکی ہدایت ۔


ویب ڈیسک October 27, 2022
فوٹو ؛فائل

کراچی میونسپل کارپوریشن نے سندہ ہائیکورٹ میں پیش کی جانے والی رپورٹ میں کہاہے کہ موٹر سائیکل پارکنگ 10 روپے اور کار کی پارکنگ فیس 30 روپے ہے۔

سندھ ہائیکورٹ نے غیر قانونی پارکنگ فیس وصولی کیخلاف درخواست پر کے ایم سی کے جواب پر فریقین کو دلائل کی تیاری کرنےکی ہدایت دے دی ہے۔

ہائیکورٹ میں غیر قانونی پارکنگ فیس وصولی کیخلاف درخواست کی سماعت کے موقع پر کے ایم سی نے کراچی کے 4 اضلاع کی پارکنگ سے متعلق رپورٹ پیش کی ۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ایسٹ، ساؤتھ، سینٹرل اور کورنگی میں موٹر سائیکل اور گاڑیوں کی پارکنگ سے سالانہ ساڑھے 8 کروڑ آمدنی ہوتی ہے، ایسٹ، ساؤتھ، سینٹرل اور کورنگی اضلاع میں یومیہ اوسطً 6214 موٹر سائیکلیں پارک ہوتی ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیاہے کہ چاروں اضلاع میں موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کی مد میں یومیہ 62 ہزار روپے آمدنی ہوتی ہے، ضلع جنوبی میں یومیہ اوسطً 816 موٹر سائیکلیں پارک ہوتی ہیں۔

چاروں اضلاع میں گاڑیوں کی پارکنگ کی مد میں یومیہ ایک لاکھ روپے اوسطً آمدنی ہوتی ہے، ضلع جنوبی میں یومیہ اوسطً 1000 اور ضلع شرقی میں یومیہ 2041 گاڑیاں پارک ہوتی ہیں۔

کے ایم سی نے پارکنگ کیلئے چاروں اضلاع میں مقرر کردہ 64 نمائندوں کی فہرست بھی پیش کردی، عدالت نے فریقین کو رپورٹ کی روشنی میں دلائل کی تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔

مقبول خبریں