اسلام آباد ہائیکورٹ عمران خان کیخلاف 2 مقدمات کی سماعت ملتوی

کاغذات نامزدگی میں بیٹی کا نام ظاہر نہ کرنے پر نااہلی اور توشہ خانہ کیسز کی سماعت آئندہ ماہ ملتوی کردی گئی


ویب ڈیسک December 20, 2022
(فوٹو فائل)

ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 2 مقدمات کی سماعت ملتوی کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں مبینہ بیٹی کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے پر عمران خان کے خلاف شہری محمد ساجد کی درخواست پر نااہلی کیس کی سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے کی۔

دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن عدالت کے سامنے پیش ہوئے جب کہ عمران خان کی جانب سے سلمان اکرم راجا نے وکالت نامہ جمع کرا دیا۔ وکیل نے کہا کہ اس قسم کے کیس کا پہلے ہی فیصلہ ہو چکا ہے ۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یہ معاملہ کئی بار پہلے بھی ہمارے پاس آ چکا ہے، ایسی درخواستیں مسترد ہوتی رہی ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ عمران خان کے وکیل کا وکالت نامہ آگیا ہے، انہیں جواب کے لیے وقت دے رہے ہیں، جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت 19 جنوری تک ملتوی کردی۔

دریں اثنا توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے اور مزید کارروائی کیخلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر کے معاون نے عدالت سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ بیرسٹر علی ظفر مصروفیات کے باعث آج پیش نہیں ہو سکے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے معاون وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت اگلے ماہ تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ شہری محمد ساجد کی جانب سے مبینہ بیٹی کو کاغذات نامزدگی میں چھپانے پر عمران خان کے خلاف نااہلی کی درخواست دائر ہوئی تھی، جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان ، الیکشن کمیشن اور وفاق کو پری ایڈمشن نوٹس جاری کر رکھا ہے ۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت غلط معلومات فراہم کیں۔ عمران خان نے اپنے بچوں کی تفصیل میں 2 کا ذکر کیا، ایک کی معلومات چھپائیں، لہٰذا عدالت عمران خان کو نااہل قرار دے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔