شام میں فوجی مداخلت بند کریں؛ امریکا کی ترکیہ کو دھمکی

ویب ڈیسک  جمعـء 23 دسمبر 2022
شام میں ترکیہ کی فوجی کارروائیوں سے اسیر داعش جنگجو فائدہ اُٹھاسکیں گے، فوٹو: فائل

شام میں ترکیہ کی فوجی کارروائیوں سے اسیر داعش جنگجو فائدہ اُٹھاسکیں گے، فوٹو: فائل

 واشنگٹن: امریکا کے اعلیٰ فوجی جنرل ایرک کوریلا ترکی کو شام میں مداخلے سے باز رہنے سے متعلق خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دراندازی کو روکنے کے لیے بھرپور اقدامات کریں گے۔

العربیہ نیوز کے مطابق مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی فوج کے ایک اعلٰی فوجی افسر جنرل ایرک کوریلا نے میڈیا سے گفتگو میں ترکیہ کو خبردار کیا ہے کہ شام میں فوجی کارروائی پورے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرسکتی ہے۔

جنرل ایرک کوریلا نے مزید کہا کہ میں اس بارے میں بہت فکر مند ہوں۔ ترکیہ کا یہ عمل خطے کو غیر مستحکم کر سکتا ہے اور اس سے شام کی 28 جیلوں میں قید داعش کے 4 ہزار جنگجوؤں کے فرار کی راہ بھی ہموار ہوسکتی ہے۔

امریکی جنرل کا یہ بھی کہنا تھا کہ ترکیہ کا حملہ الہول کیمپ کی سلامتی کو بھی خطرے میں ڈال سکتا ہے جہاں داعش جنگجوؤں کے ہمدرد اور خاندانوں کے تقریباً 55 ہزار افراد مقیم ہیں جن میں 90 فیصد خواتین اور بچے ہیں۔

خیال رہے کہ ترکیہ کی بری فوج نے حال ہی میں شام کی سرحد میں گھس کر کرد جنگجوؤں کے خلاف آپریشن کیا اور اس آپریشن میں تیزی استنبول بم دھماکے بعد آئی جس کی ذمہ داری کرد عسکریت پسند تنظیم پر عائد کیا گیا تھا۔

ترکیہ پہلے ہی امریکی پالیسی سے نالاں ہے کیونکہ امریکا شام اور عراق کے میں داعش کے خلاف لڑنے والے شامی جمہوری فورسز کا شراکت دار ہے جن پر ترکیہ علیحدگی پسند عسکری تحریک چلانے کا الزام عائد کرتا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔