لیاری سے درجنوں مقدمات میں ملوث عزیز بلوچ کا قریبی ساتھی گرفتار

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 26 جنوری 2023
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

  کراچی: ڈسٹرکٹ سٹی پولیس اورحساس ادارے نے لیاری میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے درجنوں  مقدمات میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا، جو عزیر بلوچ کا قریبی ساتھی ہے۔

پولیس نے ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری جیسے سنگین نوعیت کے درجنوں مقدمات میں ملوث عزیز بلوچ کے قریبی ساتھی کے قبضے سے ہینڈ گرینیڈ برآمدکرلیا۔ ملزم کو انٹیلی جنس اور تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے کلری تھانے کی حدود میں مشترکہ ٹارگٹڈ آپریشن میں گرفتار کیا گیا۔

ایس ایس پی سٹی شبیر احمد سیٹھار کے مطابق گرفتار ملزم محمد اویس ولد محمد یونس کا نام ریڈ بک میں شامل ہے۔ ملزم لیاری گینگ وار عزیر بلوچ گروپ کا اہم کمانڈر ہے اورعزیر بلوچ کا قریبی ساتھی ہے۔ گرفتار ملزم انتہائی پیشہ ور اوراس سے قبل کئی مقدمات میں گرفتار ہوکر جیل جا چکا ہے۔

گرفتارملزم کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 35/2023 بجرم دفعہ 4/5 ایکسپلوزو ایکٹ درج کرکے مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ پولیس ملزم کا سابقہ کریمنل ریکارڈ بھی اکٹھا کررہی ہے۔ علاوہ ازیں ملزم سے دیگر ساتھیوں سے متعلق بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔