کراچی اسٹاک مارکیٹ انڈیکس 28 ہزار 653 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

52 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید21 ارب 63 کروڑ 21 لاکھ71 ہزار509 روپے کا اضافہ ہوگیا


Business Reporter April 08, 2014
غیرملکیوں کی جانب سے66 لاکھ12 ہزار999 ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی۔ فوٹو: پی پی آئی/فائل

غیرملکیوں کی سرمایہ کاری جاری رہنے کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو بھی تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس 28 ہزار 653 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر آ گیا۔

تیزی کے باعث52 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید21 ارب63 کروڑ21 لاکھ71 ہزار509 روپے کا اضافہ ہوگیا، کاروباری دورانیے میں بینکنگ سیکٹر میں پرافٹ ٹیکنگ کی وجہ سے ایک موقع پر 4.28 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی لیکن پی ایس او اور اینگرو کارپوریشن سمیت انڈیکس کے دیگر آئٹموں میں خریداری برقرار رہنے سے مارکیٹ تیزی کا تسلسل قائم رہا جو ایک موقع پر 238.32 پوائنٹس کی تیزی تک جا پہنچا تھا تاہم بعد ازاں پرافٹ ٹیکنگ کی وجہ سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی ہوئی۔

ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، این بی ایف سیزاور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے مجموعی طور پر99 لاکھ 9 ہزار298 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا جبکہ غیرملکیوں کی جانب سے66 لاکھ12 ہزار999 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے21 لاکھ95 ہزار693 ڈالر اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے 11 لاکھ606 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 74.41 پوائنٹس کے اضافے سے 28653.37 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 55.12 پوائنٹس کے اضافے سے20184.07 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 22.78 پوائنٹس کے اضافے سے 46552.59 ہوگیا، کاروباری حجم پیر کی نسبت 30.70 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر33 کروڑ42 لاکھ 74 ہزار 920 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار374 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں194 کے بھائو میں اضافہ، 163 کے داموں میں کمی اور17 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

مقبول خبریں