طالبان نے لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی کیخلاف احتجاج پر پروفیسر کو گرفتار کرلیا

پروفیسر مشال کچھ عرصے سے نظام کے خلاف اشتعال انگیز کارروائیوں میں ملوث تھے، طالبان


ویب ڈیسک February 03, 2023
طالبات پر پابندی کے خلاف پروفیسر مشال نے اپنی ڈگریاں پھاڑ دی تھیں، فوٹو: فائل

طالبان نے خواتین کے اسکول پر پابندی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ٹی وی پر لائیو شو میں اپنی ڈگریاں پھاڑنے والے پروفیسر کو حراست میں لیکر تشدد کا نشانہ بنایا۔

عالمی خبر رساں ادارے '' اے ایف پی '' کے مطابق افغانستان میں طالبان اہلکاروں نے یونیورسٹی میں لڑکیوں کی تعلیم کے حامی پروفیسر مشال کو مارا پیٹا اور گرفتار کرکے اپنے ہمراہ لے گئے۔

یہ بات پروفیسر مشال کے معاون خصوصی فرید احمد فضلی نے میڈیا کو بتائی جس پر اے ایف پی نے طالبان نے رابطہ کیا جنھوں نے پروفیسر مشال کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے تاہم مارپیٹ کے الزام کو مسترد کردیا۔

طالبان حکومت کی وزارت اطلاعات و ثقافت کے ڈائریکٹر عبدالحق حماد نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ پروفیسر مشال کچھ عرصے سے نظام کے خلاف اشتعال انگیز کارروائیوں میں ملوث تھے اور اُن سے سیکیورٹی ایجنسیاں تفتیش کر رہی ہیں۔

خیال رہے کہ پروفیسر مشال نے چند ماہ قبل یونیورسٹی میں طالبات کے داخلے پر پابندی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ایک ٹی وی پروگرام میں اپنی ڈگریاں پھاڑ دی تھیں اور طالبات کی تعلیم کی بحالی کا مطالبہ کیا تھا۔

بعد ازاں پروفیسر مشال سڑکوں، گلیوں اور چوراہوں پر شہریوں بالخصوص خواتین میں مفت کتابیں بھی تقسیم کرتے رہتے تھے جس پر طالبان حکومت نے انھیں متنبہ بھی کیا تھا۔

پروفیسر مشال درس و تدریس کے دس برسوں میں کابل کی تین جامعات میں پڑھاتے رہے ہیں۔

طالبان کے 15 اگست 2021 سے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے خواتین کی ملازمتوں اور تعلیم پر پابندی ہے۔ سیکنڈری اسکول ایک سال سے بند ہیں جب کہ جامعات میں طالبات کے داخل ہونے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں